0
Saturday 15 Sep 2012 21:57

مذہبی جماعتوں کی جانب سے گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری

مذہبی جماعتوں کی جانب سے گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری
اسلام ٹائمز۔ امریکا میں بننے والی گستاخانہ فلم کے خلاف لاہور سمیت ملک میں احتجاجی مظاہروں، جلسوں اور حرمت رسول (ص) کانفرنسوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ جماعۃ الدعوۃ اتوار کو جامع مسجد نیلا گنبد سے مسجد شہداء مال روڈ تک تاریخی حرمت رسول (ص) مارچ کرے گی۔ تیاریاں و انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ دوپہر دو بجے شروع ہونے والے حرمت رسول (ص) مارچ سے ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین، طلباء، وکلاء اور تاجر رہنما خطاب کریں گے۔ امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید کی طرف سے تحصیلی ذمہ داران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ لاہور کے مختلف شہروں و علاقوں سے محبان رسول (ص) کو قافلوں کی شکل میں لیکر جامع مسجد نیلا گنبد پہنچیں تاکہ منظم انداز میں حرمت رسول(ص) مارچ کا آغاز کیا جا سکے۔

حرمت رسول (ص) مارچ میں دینی مدارس، سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء سمیت مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بہت بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ حرمت رسول (ص) مارچ کو کامیاب بنانے کیلئے کارکنان و ذمہ داران مساجدو مدارس اور پبلک مقامات پر جا کر لاؤڈ سپیکرز کے ذریعہ لوگوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔ جماعۃالدعوۃ کی جانب سے ملک بھر کی مذہبی وسیاسی قیادت کو حرمت رسول (ص) مارچ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اتوار کی دوپہر کو ہونے والے اس مارچ کے موقع پر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین تحفظ حرمت رسول (ص) کے سلسلہ میں چلائی جانے والی ملک گیر تحریک کے سلسلہ میں متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

علی پور چٹھہ گوجرانوالہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق امیر جماعۃ الدعوۃحافظ محمد سعید نے چلڈرن پارک میں دفاع پاکستان کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار کو لاہور میں ہونے والے حرمت رسول(ص) مارچ کے ذریعہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو مضبوط پیغام دیا جائے گا کہ مسلمان نبی مکرم(ص) کی شان رسالت (ص) میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ صلیبیوں و یہودیوں کی طرف سے نبی اکرم (ص) کی شان میں گستاخیاں 56 سے زائد مسلم ممالک کے حکمرانوں اور ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کیلئے بہت بڑا امتحان ہے کہ یہ فوجیں اور وسائل رکھنے والے نبی اکرم(ص) کی حرمت کے تحفظ کیلئے کیا کردار ادا کرتے ہیں؟

حافظ سعید نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر مسلم حکمران تحفظ حرمت رسول (ص) کا فریضہ ادا کرنے میں کامیاب ہو گئے تو اللہ تعالیٰ ان کے تمام مسائل حل کر دے گا اور اگر نبی مکرم (ص) کی گستاخیوں پر مسلم حکمران اور عوام خاموش رہے تو پھر اللہ تعالیٰ کی پکڑ سے انہیں کوئی نہیں بچا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اتحاد و یکجہتی کا راستہ اختیار کرتے ہوئے عالم اسلام میں ایک زبردست تحریک اور مضبوط قوت کھڑی کی جائے، او آئی سی کو جرأتمندانہ کردار ادا کرنا چاہیے، اپنے سفارتخانوں کو متحرک کرنا چاہیے اور عالمی سطح پر توہین انبیاء اور قرآن پاک کی بے حرمتی کی سزا کا قانون پاس کروانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 195706
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش