0
Wednesday 19 Sep 2012 00:47

پشاور، شباب ملی کے نوجوانوں کا امریکی قونصلیٹ کے قریب احتجاجی دھرنا

پشاور، شباب ملی کے نوجوانوں کا امریکی قونصلیٹ کے قریب احتجاجی دھرنا
اسلام ٹائمز۔ شباب ملی کے سینکڑوں نوجوانوں نے توہین آمیز امریکی فلم کے خلاف پشاور میں امریکی قونصلیٹ کے سامنے احتجاج کرنے کی کوشش کی تاہم اسے موقع پر موجود پولیس کی بھاری نفری نے ناکام بنادیا، جس پر مظاہرین نے شمع چوک پر احتجاجی دھرنا دیا اور امریکہ کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی، انتظامیہ نے رحمان بابا سکوئر سورے پل، تہکال، قیوم سٹیڈیم چوک اور امریکی قونصلیٹ جانے والے دیگر تمام راستوں کو خاردار تاروں اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کر کے ہر قسم کی ٹریفک کیلیے دوپہر 12 بجے سے ہی سیل کر دیا تھا جبکہ پیدل جانے والوں کو بھی شمع چوک گورا قبرستان تک جانے کی اجازت نہ تھی۔
 
شباب ملی کے سینکڑوں نوجوان رکاوٹوں کو عبور کر کے امریکی قونصلیٹ کے قریب پہنچے اور شمع چوک پر احتجاجی دھرنا دیا، اس موقع پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے سینکڑوں مسلح اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ احتجاجی دھرنے میں سابق رکن قومی اسمبلی اور جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان، ضلعی امیر جماعت اسلامی بحر اللہ خان ایڈووکیٹ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ ایڈووکیٹ، سابق صوبائی وزراء حافظ حشمت خان، محمد کاشف اعظم، سابق ایم پی اے جاوید مومند، شباب ملی کے ضلعی صدر شہزاد احمد، جنرل سیکرٹری حاجی طاہر زرین اور دیگر بھی موجود تھے۔

دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے یوئے جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر احمد خان نے جمعہ کے روز پورے صوبے میں ناموس رسالت ص کے کیلئے یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا، جس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو رہے تھے کہ اس موقع پر پولیس اور مظاہرین کے ایک گروپ میں چھڑپ بھی ہوئی اور پولیس نے وحشیانہ شیلنگ کی جس پر مظاہرین نے پھترائو بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 196578
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش