0
Wednesday 3 Oct 2012 00:15

مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب کے عوام کا سیاسی اور معاشی قتل کر رہی ہے، لطیف کھوسہ

مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب کے عوام کا سیاسی اور معاشی قتل کر رہی ہے، لطیف کھوسہ
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب سردار محمد لطیف خاں کھوسہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب کے عوام کا سیاسی اور معاشی قتل کر رہی ہے۔ سراائیکی صوبے کی مخالفت کرنیوالے یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ جنوبی پنجاب انشاء اللہ ضرور علیحدہ صوبہ بنے گا کیونکہ یہ وسیب کے باسیوں کا حق ہے اور وہ اپنے حقوق کا تحفظ کرنا خوب جانتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان ائیرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک ایسی جماعت ہے جو ہمیشہ چور دروازے سے اقتدار میں آئی ہے اور اب بھی ملک میں اپنے غیر جمہوری رویوں، انتشار اور فشار کی فضاء قائم کر کے ملک کی کوئی خدمت نہیں کررہی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ چند غیر جمہوری عناصر کا ٹولا اپنے اقتدار کے لئے ملک توڑنے سے بھی دریغ نہیں کرے گا، یہ عجیب بات ہے کو جو عناصر عسکری قیادت کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں یہ انہی کو گلے لگا رہے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کو اپنی طاقت سمجھتے ہیں۔ جمہوریت اور عوام لازم وملزوم ہیں اور پاکستان کی سالمیت اور بقا بلاشبہ جمہوریت سے ہی وابستہ ہے۔ 

بلوچستان کے حوالے سے سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ وہاں کی عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور اُن کی حب الوطنی کو کوئی بھی چیلنج نہیں کر سکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بلوچستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انہیں کھلے دل سے دعوت دیتے ہیں کہ وہ وہاں کے مسائل کے حل کے لئے پُرامن طریقہ اختیار کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کریں۔
 
اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بلوچ عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کااعتراف بھی کرتی ہے اور اس کے ازالہ کے لئے نیک نیتی کے ساتھ گامزن بھی ہے جس کی زندہ مثال صدر پاکستان آصف علی زرداری ہیں کہ جنہوں نے اقتدار میں آتے ہی بلوچ قوم سے معافی مانگی اور کہا کہ میں پچھلے ادوار میں ہونے والے زیادتیوں کی معافی مانگتا ہوں۔ آئیے اپنے مسائل کو مل بیٹھ کر حل کریں اور ایک مضبوط پاکستان کی از سر نو تعمیر کریں۔ 

دریں اثنا سرکٹ ہاﺅس ڈیرہ غازی خاں میں سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کا سیلاب متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کرنا اور ان کے نقصانات کا ازالہ کرنا اپنا اولین فرض سمجھتی ہے اور اس کے لئے حکومت اپنا بھر پور تعاون فراہم کرے گی۔ اس موقع پر گورنر نے وفاقی اداروں کے سربراہوں کو دو ٹوک الفاظ میں ہدایت کی کہ عوام کے مسائل بالخصوص سیلاب متاثرین کے معاملات کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں۔ اُنہوں نے خاص طور پر واپڈا کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ یا خراب ہونے والے چار سو ٹرانسفارمرز اور تقریباً پانچ سو کے قریب سنگل فیس میٹرز کو ہنگامی بنیادوں پر تبدیل کیا جائے ۔ 

گورنر نے دیگر محکموں کے افسران سے بھی کہا کہ عوام کے مسائل کو دورکرنے میں کوئی کوتاہی یا سستی برتی گئی تو وہ خود اس کے ذمہ دار ہوں گے۔ اس موقع پر گورنر نے واپڈا کے افسران سے کہا کہ محکمے میں خالی آسامیوں پر میرٹ پر بھرتیاں فوری طور پر عمل میں لائی جائیں لیکن ایک بات کو یقینی بنائیں کہ ان بھرتیوں میں مقامی افراد کو اولین ترجیح دی جائے۔ 

بعدازاں، گورنر پنجاب سردار محمد لطیف خاں کھوسہ نے اپنی اہلیہ مسرت لطیف کھوسہ کے ہمراہ معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کے لئے اُن کی رہائش گاہ پر گئے جہاں دونوں نے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دُعا کروائی۔  
خبر کا کوڈ : 200415
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش