0
Tuesday 9 Oct 2012 17:18

امریکہ گستاخ رسول کو تحفظ دے کر مجرمانہ کردار ادا کر رہا ہے، جماعت اہلسنّت

امریکہ گستاخ رسول کو تحفظ دے کر مجرمانہ کردار ادا کر رہا ہے، جماعت اہلسنّت
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم تعلیم و تبلیغ جامعہ نظامیہ لاہور کے شیخ الحدیث مفتی صدیق ہزاروی، حاجی حنیف طیب، مولانا ابرار احمد رحمانی، علامہ اکرم سعیدی، مولانا خلیل الرحمان چشتی، طارق محبوب کی قیادت میں شان ِ رسالت میں گستاخی پر مبنی شر انگیز گستاخانہ فلم اور خاکوں کے خلاف گلشن چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے قائدین جماعت اہلسنّت نے کہا کہ پاکستان شمع رسالتِ مصطفی کے پروانوں کی سرزمین ہے، مسلمان اپنے رسول کریم کی ناموس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے، ہمیں امن کا درس دینے والا امریکا گستاخ رسول کو تحفظ دے کر مجرمانہ کردار ادا کر رہا ہے، محمد عربی کے غلام مغرب کے نظریاتی دہشت گردوں کو بتا دیں گے کہ ہم ناموس مصطفی کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔

قائدین اہلسنّت نے کہا کہ گستاخانہ فلم کا مقصد مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرکے انہیں اشتعال دلانا ہے ملعون فلم ساز کے خلاف ابھی تک کوئی اقدام نہ کرنا عالمی امن کے لئے خطرہ ہے۔ مقررین نے کہا کہ مغرب آزادی اظہار کی آڑ میں مقدس ہستیوں کی توہین کرکے عوامی جذبات بھڑکا کر تشدد کو ہوا دے رہا ہے جو مذاہب میں تصادم کا باعث بن سکتا ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ اہل ایمان کے دلوں سے جذبہ عشق مصطفیٰ کو ختم کرنے کی کوششیں کرنے والے خود مٹ جائیں گے، مغربی طاقتیں جان لیں کہ ان گھناونی حرکتوں کے ذریعہ اسلام کے بڑھتے ہوئے اثرات کو روکنا ممکن نہیں ہے ان سازشوں کے ذریعہ مسلمانوں کو اشتعال دلا کر انہیں تشدد پسند اور دہشت گرد ثابت کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو اسلام سے دور رکھا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ملعون فلم ساز عالم اسلام کا مجرم ہے امریکہ اسے مسلمانوں کے حوالے کرے، مسلم حکمران جرات اور دینی غیرت کا مظاہرہ کریں اور امریکا کو مجبور کیا جائے کہ وہ اس توہین آمیز فلم کو فوری طور پر انٹرنیٹ سے ہٹائے اور اس پر پابندی عائد کرنے سمیت فلم کے پروڈیوسر و دیگر معاونین کو قرار واقعی سزا دے۔ مظاہرے میں مولانا ناصر خان ترابی، مولانا الطاف قادری، عبدالحفیظ معارفی، عرفان حسین قادری، ایڈوکیٹ رئیس احمد، مفتی اکبر الحق، مولانا ذاکر صدیقی، غفران احمد قادری، شفیع رانا قادری، محفوظ قادری، میر غالب شاہ، جمیل احمد امینی، مولانا راشد علی قادری، غلام شبیر قادری، عاشق حسین سعیدی، عباس علی قادری، شوکت حسین چشتی، مولانا رضی حسینی، اظہر خان قادری، محمد نوید عباسی، غلام مصطفی، یوسف حفیظ نقشبندی، امین مہروی، عقیل نقشبندی، نبیل قادری، مولانا عثمان قادری، مولانا ظہور سعیدی، کامران قادری بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 202063
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش