0
Tuesday 16 Oct 2012 18:09

طالبانائزیشن پاکستان کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، سید ناصر عباس شیرازی

طالبانائزیشن پاکستان کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، سید ناصر عباس شیرازی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ ملکی معاملات میں مغربی ممالک خصوصاً امریکہ کی روز بروز بڑھتی ہوئی مداخلت پاکستان کے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و مذہبی جماعتیں ہوش مندی کا ثبوت دیں اور اغیار کی سازشوں کو مل کر ناکام بنائیں۔ ناصر شیرازی نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کے ایشو کو اس قدر میڈیا میں اچھالا گیا جس کا مقصد تحریک ناموس رسالت(ص) سے لوگوں کی توجہ ہٹانا تھا، اس میں ہمارا میڈیا بھی آلہ کار بن گیا۔

سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ پاکستان کے داخلی معاملات پر فیصلہ کرنا ہمارے سیکورٹی اداروں اور پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے، اس کیلئے مغربی ممالک اور امریکہ کی ڈکٹیشن ناقابل قبول عمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طالبانائزیشن اس ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ انتہا پسندی اور اسلام کے نام پر دہشت گردی کرنے والوں کا اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کو مشترکہ لائحہ عمل بنانا ہوگا، بلوچ قوم کے ساتھ ناانصافیوں کا ازالہ اور وہاں کی محرومیت کو ختم کرکے ہی ان کے دل جیتے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی کو درست سمت دینے کی اشد ضرورت ہے، ڈو مور کہنے والوں کو دوٹوک جواب دینا ہوگا کہ ایٹمی قوت پاکستان اپنے مسائل حل کرنے کی خود صلاحیت رکھتا ہے۔ سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ پاکستان کے اہم ترین جغرافیائی خطہ گلگت بلتستان میں امریکی سفارت کاروں کی آزادانہ نقل و حمل پر مجلس وحدت مسلمین کو تشویش ہے، اس کا سختی سے نوٹس لیا جائے، گلگت بلتستان کے پرامن علاقے میں امریکی سفارت کاروں کی مداخلت سے ہی امن تباہ ہو رہا ہے، ورنہ یہ خطہ دنیا کے پرامن خطوں میں شامل ہوتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 204069
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش