0
Monday 22 Oct 2012 03:33

عوام کو زبردستی کھالوں کی پرچیاں تھمانے کے واقعات لمحہ فکریہ ہیں، محمد حسین محنتی

عوام کو زبردستی کھالوں کی پرچیاں تھمانے کے واقعات لمحہ فکریہ ہیں، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے مختلف علاقوں میں قربانی کی کھالیں لینے کیلئے عوام کو زبردستی کھالوں کی پرچیاں تھمانے اور پرچیاں نہ لینے پر دھمکیاں دینے اور قربانی کے جانوروں کو ہلاک کرنے کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت نے دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے آگے ہتھیار ڈال دئیے ہیں اور اب یہ جرائم پیشہ عناصر کھلے عام شہریوں کو قربانی جیسے مقدس فریضہ ادا کرنے سے بھی روک رہے ہیں، حکمرانوں نے قربانی کے مقدس عمل کو بھی یرغمال بنا دیا ہے۔ کراچی کے متعدد علاقوں میں شہری جرائم پیشہ عناصر کی وجہ سے قربانی کرنے کا اپنے اندر حوصلہ پیدا نہیں کر پا رہے کیونکہ ایک طرف جانور کے ہلاک کیے جانے کا اندیشہ ہے اور دوسری طرف اپنی جانیں بھی خطرات میں محسوس کر رہے ہیں۔ اس کا گناہ براہ راست حکمران اور اس کی اتحادی جماعتوں کے سر جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے عوام آزادانہ ماحول میں قربانی کا فریضہ انجام دیتے ہیں مگر کراچی میں ایسے حالات پیدا کردئیے گئے ہیں کہ عوام قربانی کرنے سے بھی گھبرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے جبری کھالیں چھیننے کی جو روایت متحدہ نے ڈالی تھی آج درجنوں جرائم پیشہ عناصر اسی راستے پر گامزن ہیں اور حکومت بت بنی کھڑی ہے۔ شہر کراچی میں انسانوں کے ساتھ ساتھ اب جانوروں کی جانیں بھی محفوظ نہیں، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت صوبائی حکومت کی ترجیح میں شامل نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت شہریوں کی جان و مال اور قربانی کے جانوروں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے اور قربانی کی کھالیں لینے کیلئے عوام کو جبری طور پر پرچیاں تھمانے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔
خبر کا کوڈ : 205518
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش