0
Monday 22 Oct 2012 22:38

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے التوا کا ذمہ دار خود پاکستان ہے، سید منور حسن

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے التوا کا ذمہ دار خود پاکستان ہے، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ دیر آید درست آید کے مصداق صدر کی طرف سے وزیرستان میں ممکنہ فوجی آپریشن کے خدشات کی دوٹوک الفاظ میں نفی اور قومی مفاہمت کے خلاف کسی اقدام سے قطعی طور پر انکار نے پوری قوم کے اندر پائی جانے والی بے چینی کو ختم کر دیا ہے، اگر وہ سوات اور بلوچستان اور دیگر قبائلی علاقوں میں ملٹری آپریشنز سے پہلے بھی 18 کروڑ پاکستانی عوام کی آواز پر کان دھرتے تو ملک موجودہ صورتحال سے دوچار نہ ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر زرداری کے اس بیان کہ ’’ قومی مفاہمت کے بغیر کہیں فوجی آپریشن نہیں ہوگا‘‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔

سید منور حسن نے کہا کہ صدر صاحب جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی جنگ سے لاتعلقی اور ملکی سلامتی اور خود مختاری کے لیے قومی امنگوں کے مطابق فیصلے کرنے کا اعلان کر دیتے تو عید کی خوشیاں دوبالا ہو جاتیں۔ سید منورحسن نے کہا کہ ایران نے بجا طور پر ایک بار پھر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے التوا کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتے ہوئے گلہ کیا ہے کہ امریکی دباؤ کی وجہ سے پاکستانی حکومت اس عوام دوست منصوبے کی راہ میں دیوار بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی سردیوں کا آغاز نہیں ہوا جبکہ گیس پریشر کم ہو چکا ہے اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ اور بندش کے مژدے سنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک و قوم کے مفاد میں اس منصوبے پر امریکی دباؤ کو مسترد کرکے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع کر دے اور آئندہ کسی قسم کی امریکی ڈکٹیشن کو قبول نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ازلی دشمن بھارت سے تجارت کے معاہدے کرنے کے بعد اب وہاں سے پٹرول خریدنے کی باتیں کی جا رہی ہیں اور ایران سے دوری اختیار کی جا رہی ہے۔ حکمرانوں کا یہ رویہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
خبر کا کوڈ : 205756
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش