0
Tuesday 23 Oct 2012 21:08

ملالہ پر حملہ کروانے والا فضل اللہ امریکی پناہ میں ہے،صاحبزادہ فضل کریم

ملالہ پر حملہ کروانے والا فضل اللہ امریکی پناہ میں ہے،صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ فضل کریم کا کہنا ہے کہ سنی اتحاد کونسل جماعت اہلسنّت کے ’’لبیک یا رسول اللہ(ص) لانگ مارچ‘‘ کا خیرمقدم کرتی ہے، سنی اتحاد کونسل کے کارکنان ’’لبیک یا رسول اللہ(ص) لانگ مارچ‘‘ میں بھرپور شرکت کریں گے، ملالہ پر حملہ کروانے والا فضل اللہ امریکی پناہ میں ہے، اصغر خان کیس کے فیصلے پر عمل ہوا تو تمام ہیروز زیرو ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست ضمیر کے بحران کا شکار ہے، قوم کو اصلی اور نام نہاد طالبان میں فرق جاننا ہو گا، حکومت پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے امریکی طالبان کا قلع قمع کرے اور اصلی طالبان کے ساتھ مذاکرات کر کے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر گڑھ اور ملتان کا دورہ مکمل کر کے لاہور پہنچنے پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ سنی اتحاد کونسل مصطفائی معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے جو امن و سلامتی، عدل و انصاف، ترقی و خوشحالی اور فلاح و نجات کا ضامن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم غلامانِ نبی کی شیرازہ بندی کر کے انقلابِ نظامِ مصطفی برپا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موقع پرست سیاست کاروں نے سیاست کو بدنام کیا ہے، پاکستان پر موجودہ عذاب قراردادِ مقاصد پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہے، حکومت قراردادِ مقاصد پر عمل کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عطیۂ خداوندی ہے اور پاکستان قدرت کے کسی عظیم منصوبہ کی تکمیل کا ذریعہ بننے والا ہے۔
خبر کا کوڈ : 206072
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش