0
Wednesday 24 Oct 2012 14:33

سیاست کو عبادت سمجھ کر عوام کی خدمت کو شعار بنانا ہوگا، ثروت اعجاز قادری

سیاست کو عبادت سمجھ کر عوام کی خدمت کو شعار بنانا ہوگا، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک و چیئرمین اہلسنّت خدمت فاؤنڈیشن محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سیاست کو عبادت سمجھ کر عوام کی خدمت کو شعار بنانا ہوگا۔ موجودہ حالات میں مہنگائی، بے روزگاری سمیت دیگر بحران کی وجہ حکمرانوں کی عوامی مسائل پر عدم توجہ ہے۔ عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں سیاسی طور پر جدوجہد کرکے ہی ملک کو آگے کی طرف لے جایا جاسکتا ہے۔ حکمرانوں کی آئینی، جمہوری، معاشرتی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مسائل پر توجہ دیتے ہوئے عوامی مسائل کو حل کریں۔ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے اور قائداعظم محمد علی جناح کے خواب کی تعبیر کے لیے محب وطن مخیر حضرات اور سول سوسائٹی فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیں۔ پاکستان سنی تحریک کا فلاحی شعبہ اہلسنّت خدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانیت اور سفید پوش افراد کے لیے فلاحی خدمات انجام دے رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ پاکستان سنی تحریک نے مرکز اہلسنّت پر اہلسنّت خدمت فاؤنڈیشن (ٹرسٹ) کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اہلسنّت خدمت فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر میں فری میڈیکل ڈسپینسریاں، تعلیمی ادارے، غریب و ناداروں میں امداد کی تقسیم، دستکاری سینٹر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کوشاں ہیں جبکہ کراچی کے چار زونز میں اہلسنّت خدمت فاؤنڈیشن فری میڈیکل سینٹر کام کر رہے ہیں اور فلاحی کاموں کو وسعت دیتے ہوئے کلفٹن کے علاقے پی این ٹی کالونی، نیو کراچی، اورنگی ٹاؤن کے بعد شاہ فیصل کالونی، گلشن حدید و دیگر علاقوں میں بھی عید قربان کے فوراً بعد انشاءاللہ فری میڈیکل سینٹرز کا آغاز کردیا جائے گا۔ اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کا شعبہ دنیاوی غرض و غائیت سے دور ہوکر عوام کی فلاح و بہبود کی جدوجہد اللہ عزوجل اور اس کے حبیب ﷺ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے انجام دے رہا ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اہلسنّت خدمت فاؤنڈیشن اس بات کا خاص خیال رکھتی ہے اس لئے عام فرد کی عزت و ناموس کو برقرار رکھتے ہوئے خدمت کے جذبے کو پروان چڑھایا ہے یہ ہی وجہ ہے کہ (AKF) نے کبھی نمود و نمائش اور شہرت حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ ثروت اعجاز قادری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ قربانی کی کھالیں پاکستان سنی تحریک کے فلاحی شعبے اہلسنّت خدمت فاؤنڈیشن کو رضا کارانہ طور پر دیں تاکہ فلاحی کاموں کو تیز کرنے کے ساتھ عوام کی خدمت کو یقینی بنایا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 206264
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش