0
Thursday 1 Nov 2012 23:20

تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے تک جدوجہد جاری رہیگی، مولانا عباس انصاری

تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے تک جدوجہد جاری رہیگی، مولانا عباس انصاری
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کا 50واں یوم تاسیس پوری وادی میں گولڈن جوبلی کے طور پر منایا گیا، اس سلسلے میں جمعرات کو سرینگر میں ایک جلسہ منعقد ہوا۔ جس کی صدارت مولانا عباس انصاری نے کی۔ جبکہ میرواعظ مولوی عمر فاروق مہمان خصوصی اور آغا سید حسن اور محمد یاسین ملک مہمانان ذی وقار تھے، جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے بانی مولانا محمد عباس انصاری نے اپنے صدارتی خطاب میں ان تاریخی اقدامات اور کوششوں کا ذکر کیا جو گذشتہ پچاس برس کے دوران حصول خودارادیت کی خاطر کئے گئے اور کہا کہ شیخ محمد عبداللہ کی طرح بہت سے افراد نے ابتداء میں کشمیری عوام کے حقوق کی باتیں کیں لیکن عوامی اعتماد کو حاصل کرنے کے بعد اس نصب العین سے روگردان ہوئے جس کے لئے عوام نے اپنی حمایت کا اظہار کیا تھا۔
 
انہوں نے کہا کہ آج بھی ایسے عناصر کی کمی نہیں جو تحریکی لبادہ اوڈھے ہوئے ہیں لیکن درپردہ اپنے مفادات کے لئے کام کر رہے ہیں، انہوں نے عوام کو ایسے موقعہ پرست افراد کا ہر سطح پر مقابلہ کرنے کے لئے کہا جو ان کے جذبات کا استحصال کر رہے ہیں تاکہ کشمیر میں آئندہ ایسا کوئی فرد پیدا نہ ہو جو قوم و ملت کا سیاسی و مذہبی سطح پر استحصال کرنے کی جرات کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مراعات اور پیکیج کی ضرورت نہیں بلکہ ہم اپنا بنیادی اور پیدائشی حق مانگ رہے ہیں اور یہ کوئی جرم نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ ہم ہر حال میں تحریک آزادی کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
 
کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے اپنے خطاب میں گولڈن جوبلی کی مناسبت سے عوام کو مبارکباد دی اور ماہ ذی الحجہ اور ماہ محرم کی دو عظیم الشان قربانیوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے اقتدار اور مراعات و مفادات کے لئے قربانیاں نہیں دیں بلکہ اپنے جائز اور پیدائشی حقوق مانگ رہے ہیں جس کے لئے ان پر سرکاری دہشت گردی مسلط کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ عوام مایوس و ناامید نہ ہوں کیونکہ ہر تحریک اور تنظیم میں اتار چڑھاو آتے رہتے ہیں لیکن تحریک کی بنیاد جس سوچ اور نصب العین پر کھڑی ہے اسے کوئی بھی متزلزل نہیں کرسکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 208280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش