0
Friday 9 Nov 2012 20:36

علامہ آفتاب حیدر جعفری کی شہادت پاکستانی قوم کے لئے عظیم نقصان ہے، علامہ حسن ظفر نقوی

علامہ آفتاب حیدر جعفری کی شہادت پاکستانی قوم کے لئے عظیم نقصان ہے، علامہ حسن ظفر نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کراچی کے رہنما علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کے مظلومانہ قتل اور پاکستان بھر میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر بعد نماز جمعہ ملک گیر یومِ احتجاج منایا گیا۔ اس سلسلے میں کراچی میں احتجاجی مظاہرے منعقد ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ کراچی میں مرکزی احتجاجی ریلی حسینی جامع مسجد برف خانہ ملیر سے نکالی گئی جو کہ نیشنل ہائی وے پر اختتام پذیر ہوئی سینکڑوں کی تعداد میں مظاہرین ہاتھوں میں بینر پلے کارڈ اور پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ مظاہرین امریکہ اسرائیل اور ان کے مقامی ایجنٹ دہشت گردوں کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔ احتجاجی مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ سید حسن ظفر نقوی، مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی اور مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی رہنما مولانا اصغر علی جوادی نے خطاب کیا۔

اس موقع پر علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کسی بھی شکل میں ہو ہم نے اس کی ہمیشہ مخالفت کی ہے۔ ملک و ملت دشمن یہ سامراجی ایجنٹ کبھی مساجد میں، کبھی امام بارگاہوں میں، کبھی مزارات میں، کبھی بازاروں میں بم دھماکے کرکے بیگناہ مسلمانوں کو آگ و خون میں غلطاں کرتے رہے، ہم چلاتے رہے دہشت گردوں کو بے نقاب کرتے رہے لیکن کسی نہ ہماری ایک نہ سنی اور آج ان دہشت گردوں کے ہاتھ پاکستان کی محافظ قوتوں تک پہنچ گئے۔ محرم الحرام جوں جوں نزدیک آرہے ہیں کراچی سمیت پورے پاکستان میں منظم انداز میں دہشت گردی عروج پر پہنچ رہی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردوں پر گرفت کمزور ہورہی ہے۔ اگر وفاقی اور صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایامِ عزاء سے قبل دہشت گردوں کے خلاف کوئی موثر قدم نہیں اٹھایا تو جوانوں کو سنبھالنا علماء کے بس سے باہر ہوگا اور حالات کی تمام تر زمہ داری حکومت وقت پر ہوگی۔ علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کی بیہمانہ شہادت ماہِ محرم الحرام سے قبل کراچی میں شیعہ سنی اتھاد کی مثالی فضاء کو سبوتاژ کرنا ہے۔ شہید علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری تا دمِ شہادت مظلوموں کے حق کے لئے آواز بلند کرتے رہے ان کی شہادت پاکستان میں فلسطین کاز کے لیئے بھی عظیم نقصان ہے۔

اس کے علاوہ کراچی کے دیگر مقامات خوجہ جامع مسجد کھارادر، ابوالحسن اصفہانی روڈ، عزاء خانہ صغریٰ کورنگی، جامع مسجد ابوالفضل العباس (ع) لانڈھی، جامع مسجد حسینی ماروی گوٹھ، مرکزی جامع مسجد اسٹیل ٹاؤن میں احتجاجی مظاہرے منعقد کئے گئے جن سے مولانا محمد حسین کریمی، مولانا علی انور جعفری، علامہ سلمان حسینی، علامہ مبشر حسن، اصغر عباس زیدی، مولانا شیخ رضا سمائری، مولانا یاور عباس زیدی، مولانا رحمت علی سولنگی اور مولانا فتح علی نے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 210534
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش