0
Friday 16 Nov 2012 01:22

محرم الحرام، گوجرانوالہ میں 1665 مجالس اور 503 جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے انتظامات مکمل

محرم الحرام، گوجرانوالہ میں 1665 مجالس اور 503 جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے انتظامات مکمل
اسلام ٹائمز۔ محرم الحرام میں گوجرانوالہ میں 1665 مجالس اور 503جلوسوں کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، 3717 کنسٹیبلز سمیت 713 پولیس افسران ضلع بھر میں ڈیوٹی سر انجام دیں گے، 1478 قومی رضا کار اور سماجی تنظیموں کے4097 مرد 89 خواتین رضار کاروں کے علاوہ امن کمیٹی کے 50 اراکین بھی پولیس کی امداد کے لئے موجود ہوں گے، مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 11 واک تھرو گیٹس، 455 میٹل ڈیٹکیٹرز اور 20 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر عبدالرزاق چیمہ نے ضلع کے تمام ایس پیز کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران مجاریہ سکیورٹی پلان پر سختی سے عمل کیا جائے اور مجالس اور جلوسوں میں اس کے مطابق نفری تعینات کی جائے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ڈویژن ایس پیز کا فرض ہے کہ وہ خود فول پروف سکیورٹی انتظامات چیک کریں اور پوائنٹس پر تعینات نفری کو بریف کریں، منتظمین مجالس اور امن کمیٹی کے عہدیداروں اور ممبران کے ساتھ مشاورت کی جائے، حالات کو پرامن رکھنے کے لئے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے اور شہریوں کو احساس دلایا جائے کہ پولیس ان کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت موجود ہے، سی پی او نے کہا ہے کہ رش والے مقامات پر پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں، جس میں ایلیٹ فورس کے کمانڈوز اور سپیشل فورس کے جوان شامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کے لئے جدید آلات سے لیس 272 افسروں اورجوانوں پر مشتمل پولیس کا خصوصی دستہ پولیس لائنز میں حاضر رہے گا، سول پارچات میں ملبوس پولیس کے 2100 افسر اور جوان گداگروں پر کڑی نظر رکھیں گے، پولیس کے یہ دستہ پر ہجوم مقامات کی نگرانی کے لئے بھی ہمہ وقت موجود ہو گا۔ سی پی او نے چیف ٹریفک آفیسر کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں اور چوکوں میں کسی صورت بھی رش نہ ہونے دیا جائے، تفریحی مقامات اور رش والے مقامات پر پارکنگ کے نظام میں بہتری پیدا کی جائے، بغیر نمبر اور جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے، سٹی پولیس آفیسر عبدالرزاق چیمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی اس سلسلے میں پولیس سے تعاون کریں تاکہ امن و امان کی فضا برقرار رہے اور کوئی ناخوشگوار واقعہ رونماء نہ ہونے پائے۔
خبر کا کوڈ : 212151
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش