0
Saturday 8 Dec 2012 21:12

بھارت اور امریکہ کا جنگی جنون ان کے زوال کا سبب بنے گا،فضل کریم

بھارت اور امریکہ کا جنگی جنون ان کے زوال کا سبب بنے گا،فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت صوبہ پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے جماعت اہلسنّت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ امریکی قونصلیٹ کی طرف سے لاہور میں 21 پرائیویٹ عمارتیں کرائے پر لینے کی خبریں خطرے کی گھنٹی ہیں، بھارت اور امریکہ کا جنگی جنون ان کے زوال کا سبب بنے گا، بھارت کے ساتھ تجارت گھاٹے کا سودا ہے، عیاشی، فحاشی اور بدمعاشی نے ملک تباہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے سب سے بڑے معدنی ذخائر کا سودا نااہلی کی بڑی مثال ہے، ریکوڈک میں وسیع ذخائر کوڑیوں کے بھاؤ غیرملکی کمپنیوں کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھ کروڑ پاکستانی خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور ایک کروڑ بیس لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں، ملک چوروں، ڈاکوؤں اور دہشت گردوں کے لیے جنت بن چکا ہے، الیکشن کو مہنگا بنا کر غریبوں کا اسمبلیوں میں داخلہ بند کر دیا گیا ہے، غریب اور متوسط طبقے کے لوگ اسمبلیوں میں جائیں گے تو مسائل حل ہوں گے، چہرے نہیں نظام بدلنے کی ضرورت ہے،کرسی اور کمیشن کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہو گا۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ امریکی صدر پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلنا چاہیے،نگران حکومت کے لیے مذاکراتی عمل میں تمام جماعتوں کو شامل کیا جائے، پنجاب حکومت پنجاب کے بوائز سکولز میں خواتین اساتذہ اور گرلز سکولز میں مرد اساتذہ تعینات کرنے سے باز رہے کیونکہ یہ روشن خیالی مستقبل میں کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، پنجاب کا صحت کا بجٹ ریپڈ بس منصوبے پر خرچ کر کے ظلم کیا گیا ہے، ڈیڑھ ارب سے زائد رقم محکمہ صحت کے لیے مختص ہونے کے باوجود آؤٹ ڈور اور ان ڈور کی ادویات بند کر دی گئی ہیں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ملک بچانے کے لیے انصاف اور احتساب ضروری ہے، پاکستان کو دیانتدار اور اہل قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھ لاکھ امیر ترین لوگ ٹیکس نہیں دیتے، ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے شناختی کارڈ منسوخ کر کے ان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے، پنجاب پولیس کے مطابق جنوری 2012 سے ستمبر 2012 تک صرف 9 ماہ میں پنجاب بھر سے 21 ہزار سے زائد گاڑیاں چھین لی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے لیے ٹیکس چوری کا خاتمہ اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ ضروری ہے، بجلی چوری ،ٹیکس چوری اور گیس چوری کا خاتمہ کر کے ملکی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے، اگلے دس سال کا معاشی ایجنڈا تیار کر کے تمام راہنما اس پر دستخط کریں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کا خون چوسنے والے سرمایہ دارانہ نظام کے مقابلے میں ایک نیا معاشی نظام لانے کی ضرورت ہے۔ جماعت اہلسنّت کے وفد میں علامہ قاری فیض بخش رضوی، علامہ قاضی محمد یعقوب رضوی، پیر سید شمس الدین بخاری، مولانا قاری فیروز صدیقی، علامہ باغ علی رضوی، محمد نواز کھرل اور دیگر شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 219293
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش