0
Tuesday 25 Dec 2012 20:28

بحرانوں میں گھری قوم آج پھر قائداعظمؒ جیسی قیادت کی منتظر ہے، شاداب رضا نقشبندی

بحرانوں میں گھری قوم آج پھر قائداعظمؒ جیسی قیادت کی منتظر ہے، شاداب رضا نقشبندی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سُنی تحریک کے زیر اہتمام بانئ پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح ؒ کا 136واں یوم پیدائش ملی جوش وخروش سے منایاگیا، قائداعظم محمدعلی جناحؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، گلگت اورمظفرآباد سمیت ملک کے تمام شہروں میں خصوصی تقاریب کااہتمام کیاگیا جن میں ملکی سلامتی، استحکام اورترقی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک پنجاب کے صدر محمد شاداب رضانقشبندی نے کہا ہے کہ پاکستان میں نظام مصطفیؐ کے سوا کوئی نظام کامیاب نہیں ہوسکتا،ہمارے تمام مسائل کا حل شریعت محمدی ﷺ کے نفاذ میں پہناں ہے۔ آج کا پاکستان ہمارے بزرگوں کے خوابوں کا عکاس نہیں ہے لیکن آنے والا دور اسلام کی نشاۃ ثانیہ کا مظہر ہوگا۔ ملک کو فلاحی اسلامی ریاست بناکردم لیں گے۔

انشاء اللہ نئے پاکستان کا سورج جلد طلوع ہوگا۔موجودہ حکمرانوں نے قائد اعظم کے سنہری اصولوں سے انحراف کر کے وطن عزیز کو کرپشن کی آماجگاہ بنا دیا ہے۔ بحرانوں میں گھری پوری پاکستانی قوم آج پھر قائد اعظم محمد علی جناح جیسی مخلص اور دیانتدار قیادت کی منتظر ہے جو ان کو مسائل سے نجات دیکر ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑاکردے۔ ملک بچانے کے لئے آج اسی جذبے کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ قیام پاکستان کے لئے کیا گیا۔ قائداعظم کے اصولوں کو اپناکر کے ہی ہم انہیں صحیح معنوں خراج عقیدت پیش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک نے ہمیشہ علامہ اقبالؒ کے نظریات اور قائداعظم ؒ کے سیاسی افکار کو مشعل راہ بنایا ہے اورآج بھی انہی شخصیات کی تعلیمات کی روشنی میں پاکستان کو ہر قسم کے استحصال سے پاک اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں مصروف عمل ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ آئین سے انحراف ہے اور بر وقت الیکشن آئین کا تقاضا ہے۔ حکومت فوری طور پر متفقہ نگران حکومت قائم کر کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔

ہوشربا مہنگائی، بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ اور قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے قوم کا جینا حرام کررکھا ہے۔ دہشتگردی، ڈراؤن حملوں اور بیرونی مداخلت کی وجہ سے ملکی سالمیت اور خود مختاری داؤ پر لگی ہوئی ہے،روشنیوں کے شہر کراچی کو قتل گاہ میں تبدیل ہوچکاہے اور بلوچستان بدستورناقص پالیسوں کے سبب سلگ رہاہے۔ ملک میں روزانہ ہونیوالی کرپشن بارہ سے پندرہ ارب روپے تک پہنچ چکی ہے جبکہ ملک پر اندرونی اور بیرونی قرضوں کا حجم گزشتہ پانچ سالوں میں بڑھ کر دوگنا ہوگیا ہے۔ قوم، تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتوں سے محروم ہے، بجلی اور گیس کے بحرانوں نے معیشت کاپہیہ جام کردیا ہے۔ اس لیے انتخابات میں جتنی تاخیر ہوگی بدامنی اور انتشار مزید بڑھے گا اور ملک مزید بحران پیدا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن کی مناسبت سے ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم قائد اعظم کے زریں اصولوں اتحاد، یقین محکم اور تنظیم کے مطابق اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں گے اور ہر قسم کے مذہبی اور فرقہ وارانہ تعصبات سے بالاتر ہو کر اپنی توانائیاں وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لئے وقف کریں گے۔ہمیں یہ بھی عہد کرنا ہے کہ ہم انتہا پسندی اور دہشت گردی کو شکست دے کر پاکستان کو امن اور ہم آہنگی کا گہوارہ بنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 224885
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش