0
Saturday 29 Dec 2012 19:37

عالمی قوتیں پاکستان کو چار حصوں میں تقسیم کرنا چاہتی ہیں، فضل کریم

عالمی قوتیں پاکستان کو چار حصوں میں تقسیم کرنا چاہتی ہیں، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پاکستان حالتِ جنگ میں ہے اس لیے ریاستی اداروں کو جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا، شفاف الیکشن کے لیے انتخابی اصلاحات ناگزیر ہیں، انتخابات مؤخر کئے بغیر دو ماہ میں انتخابی اصلاحات کی جا سکتی ہیں، پاک افغان سرحد پر خاردار تار لگا کر بارڈر کو سیل کیا جائے تاکہ دراندازی کا خاتمہ ہو سکے، غیرجانبدارانہ انتخابات کے لیے غیرجانبدار نگران سیٹ اپ ضروری ہے، برداشت کی سیاست کو فروغ دے کر جمہوری روایات کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ فخر العلوم دروغہ والا لاہورمیں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ہماری منزل اور ہدف انقلابِ نظامِ مصطفی ہے، ووٹ کی طاقت سے انقلابِ نظامِ مصطفی کی منزل حاصل کر کے دم لیں گے، عالمی قوتیں پاکستان کو چار حصوں میں تقسیم کرنا چاہتی ہیں، پاکستان کے خلاف ہونے والی عالمی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے قومی بیداری ضروری ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ خطے میں بھارتی بالادستی کے امریکی خواب کو پورا نہیں ہونے دیں گے اور پاک سرزمین پر وائٹ ہاؤس کا حکم نہیں چلنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی زندگی کا ایک اور سال سیاستدانوں کی باہمی محاذ آرائی کی نذر ہو گیا ہے، سیاسی جماعتیں دیانتدار، باکردار اور باصلاحیت افراد کو امیدوار بنائیں،ٹکٹ دینے کا معیار دولت نہیں اہلیت ہونا چاہیے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں سول آمریت قائم ہے اور سیاستدان بننے کا میرٹ ’’سن آف سیاستدان‘‘ ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں صوفیاء کو ماننے والوں کا خاموش ووٹر سامنے آ کر سارا سیاسی منظر بدل دے گا، ہم پوری طاقت سے انتخابی میدان میں اتریں گے اور دہشت گردی کی مخالف اور نظامِ مصطفی کی حامی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کر کے گرینڈ الائنس بنائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 226212
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش