0
Wednesday 9 Jan 2013 21:16

نارتھ کراچی میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ماہر تعلیم انجینئر علی حیدر شہید

نارتھ کراچی میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ماہر تعلیم انجینئر علی حیدر شہید
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نے عوام کا سکون غارت کر رکھا ہے۔ آج بھی گھات لگائے مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نجی اسکول کے مالک ماہر تعلیم انجینئر سید علی حیدر ولد سید محمد علی کو شہید کر دیا۔ نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے میں گھات لگائے مسلح افراد نے حیدر علی پر اس وقت گولیاں برسا دیں جب وہ گھر سے انچولی سوسائٹی میں واقع لال قلعہ گرامر اسکول جانے کے لئے نکلے تھے کہ سفاک قاتلوں نے کار پر اندھا دھند گولیاں برسائیں۔ انجینئر علی حیدر کی کار بے قابو ہوکر پہلے فٹ پاتھ پھر دیوار سے جا ٹکرائی۔ تین گولیاں لگنے سے علی حیدر موقع پر دم توڑ گئے۔ شہادت کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد عباسی شہید اسپتال پہنچ گئی جہاں انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

بعد ازاں سید علی حیدر کی نماز جنازہ مولانا مرزا یوسف حسین کی اقتداء میں مسجد خیرالعمل انچولی سوسائٹی میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں اہلسنت عالم دین مولانا فیروز الدین رحمانی بھی موجود تھے۔ نماز جنازہ میں شہید سید علی حیدر کے عزیز و اقارب سمیت شرکاء کی بڑی تعداد شریک تھی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کے جسد خاکی کو جلوس کی شکل میں وادی حسین (ع) قبرستان لے جایا گیا، جہاں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں ان کو سپرد خاک کیا گیا۔
واضح رہے کہ سید علی حیدر لال قلعہ گرامر اسکول کے نام سے ایک اسکول سسٹم چلا رہے تھے۔ سماجی حلقوں میں بھی شہید علی حیدر کو احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ ملت جعفریہ کی تمام تنظیموں کے رہنماؤں نے معروف علمی شخصیت انجینئر سید علی حیدر کی ٹارگٹ کلنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور حکومت سے قاتلوں کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 229630
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش