0
Thursday 17 Jan 2013 15:51

پشاور، پولیس نے گونر ہاوس کے سامنے دھرنا دینے والوں کو منتشر کردیا، 18 میتیں اسپتال منتقل

پشاور، پولیس نے گونر ہاوس کے سامنے دھرنا دینے والوں کو منتشر کردیا، 18 میتیں اسپتال منتقل
اسلام ٹائمز۔ پولیس نے پشاور میں 18 قبائلیوں کی نعشوں کے ہمراہ دھرنا دینے والے افراد کو بزور طاقت منتشر کر دیا ہے جبکہ نعشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے پھینکے اور اٹھارہ میتوں کو ٹرک میں رکھ کر اسپتال پہنچا دیا۔ ان 18 افراد کی نعشیں منگل کو قبائلی علاقے خیبر ایجنسی سے ملی تھیں۔ جس کے بعد گزشتہ روز مقتولین کے ورثاء نعشیں لے کر پشاور میں گورنر ہاؤس کے سامنے پہنچے جہاں ان کا احتجاج کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ دھرنے میں شامل مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ خیبر ایجنسی میں فوجی آپریشن ختم کیا جائے اور فوج کو علاقے سے نکالا جائے جبکہ قبائلیوں کے تمام معاملات روایتی جرگے کے ذریعے حل کیے جائیں اور شدت پسند تنظیموں سے مذاکرات کیے جائیں۔ 

اسی احتجاج کے دوران ان قبائلیوں کے نمائندوں نے گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر سے مذاکرات بھی کیے جس کے بعد گورنر نے ہلاکتوں کے حوالے سے خودمختار انکوائری کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔ گورنر بیرسٹر مسعود کوثر نے کہا کہ خیبر ایجنسی میں جاری فوجی آپریشن ختم کرنے کے لیے قبائلی رہنماوں پر مشتمل ایک گرینڈ جرگہ تشکیل دیا جائے گا۔ سکیورٹی فورسز کے اہلکار قبائلی علاقوں میں امن کے قیام کے لیے موجود ہیں۔ اگر قبائل یہ ذمہ داری لیں کہ وہاں حالات صحیح رہیں گے تو فوج ایک دن بھی وہاں نہیں رکے گی۔
جبکہ دوسری جانب سکیورٹی حکام نے باڑہ میں فائرنگ سے 18 افراد کی ہلاکت کے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 232052
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش