0
Wednesday 16 Jan 2013 22:21

کوئٹہ کے مثالی احتجاج کے اثرات فاٹا بھی پہنچ گئے، خیبر ایجنسی کے عوام کا 18 میتوں کے ہمراہ گورنر ہاوس کے باہر دھرنا

کوئٹہ کے مثالی احتجاج کے اثرات فاٹا بھی پہنچ گئے، خیبر ایجنسی کے عوام کا 18 میتوں کے ہمراہ گورنر ہاوس کے باہر دھرنا

اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ کے غیور عوام کے بے مثال احتجاج اور مظلومیت کے پرچار کے منفرد انداز کے اثرات پاکستان کے قبائلی علاقوں تک پہنچ گئے ہیں۔ آج خیبر ایجنسی میں قتل ہونے والے 18 افراد کے لواحقین نے سراپا احتجاج بنتے ہوئے پشاور کا رخ کرلیا، اور میتوں کے ہمراہ گورنر ہاوس کے باہر احتجاجی دھرنا شروع کردیا۔ خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ کے علاقے عالم گودر میں گزشتہ شام مسلح افراد نے گھروں میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس سے 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔ نامعلوم افراد نے نعشوں کو گھروں سے نکال کر کھیتوں میں پھینک دیا۔ باڑہ میں کرفیو کے باعث لواحقین رات بھر نعشوں کو نہیں اٹھاسکے۔ صبح دس نعشوں کو اٹھا کر لواحقین پشاور لے گئے اور گورنر ہائوس کے سامنے نعشیں رکھ کر احتجاج شروع کر دیا۔ قتل ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد بھی شامل ہیں۔ جب گورنر ہائوس کے سامنے دھرنے میں شریک قبائیلوں کے ساتھ مذاکرات کیلئے ایم این اے حمید اللہ جان آفریدی پہنچے تو مظاہرین کی جانب سے ان پر تشدد کی کوشش کی گئی۔ جس پر محافظوں نے ہوائی فائرنگ کی۔ جس سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ادھر دھرنے کے باعث شیر شاہ سوری روڈ بند رہا۔ جس کی و جہ سے پورے شہر کی ٹریفک جام ہوگئی۔ قتل کئے گئے افراد کے لواحقین نے دھرنے کو جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے گورنر کو ہٹانے اور قبائلی علاقوں میں آپریشن بند کرنے کامطالبہ کیا ہے۔ جبکہ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے گورنر خیبر پختونخوا مسعود کوثر کو ہدایت کی ہے کہ گورنر ہائوس کے باہر مظاہرہ کرنے والے عوام سے بات کرکے ان کی شکایات کا ازالہ کریں۔ جس پر گورنر خیبر پختونخوا مسعود کوثر نے کہا کہ مظاہرین سے بات چیت کرنے کے بعد رپورٹ پیش کروں گا۔

خبر کا کوڈ : 231888
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش