0
Sunday 3 Feb 2013 11:44

کشمیری حق خودارادیت کے حصول کیلئے کسی قربانی سے گریز نہیں کرینگے، بشیر رٹوی

کشمیری حق خودارادیت کے حصول کیلئے کسی قربانی سے گریز نہیں کرینگے، بشیر رٹوی
اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے صدر چوہدری محمد بشیر رٹوی اور جنرل سیکرٹری کونسلر ریاض بٹ نے کہا کہ مسلم کانفرنس برطانیہ کے کارکنان 5 فروری یوم یکجہتی اس عزم سے منائیں گے کہ کشمیر کی تحریک آزادی اور الحاق پاکستان کی منزل حاصل کرنے تک چین نہیں بیٹھیں گے۔ صدر جماعت سردار عتیق احمد خان کی ہدایت کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیا بھر میں پھیلے مسلم کانفرنسی کارکنان اس اہم دن کو جوش وخروش سے مناتے ہوئے کشمیر کے اس پار جدوجہد کرنے والے بھائیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم کانفرنس راچڈیل کے صدر بابو علی اصغر کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
 
اس موقع پر سابق پی آر او وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ ظہیر کیانی ایڈووکیٹ،راجہ ریاض بڑالوی اور دیگر افراد بھی موجود تھے چوہدری بشیر رٹوی،کونسلر ریاض بٹ،بابو علی اصغر،ظہیر کیانی،راجہ ریاض بڑالوی اور دیگر نے یوم یکجہتی کشمیر کو پرعزم طریقے سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرکی آزادی اور الحاق پاکستان کے لئے جدوجہد کشمیریوں کے اندر رچی بسی ہے جسے کوئی بھی طاقت نکال نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم کی انتہا ہو چکی ہے مگر عالمی برادری کی خاموشی لمہ فکریہ ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ نوشتہ دیوار ہے کہ بھارتی سرکار کو تمام تر مظالم اور انسانیت سوز کارواہیوں کے باوجود کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ہوگا۔ کشمیری بھارت کے خلاف نہیں بلکہ اپنے تسلیم شدہ حق کو حاصل کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں جسے روکنا اب بھارت کے بس کی بات نہیں۔ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور الحاق پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے جسے پانے کے لیئے کشمیری کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
 
انھوں نے کہا کہ الحاق پاکستان کی جس منزل کا تعین ہماری قیادت نے کیا تھا اس پر پوری قوم استقامت اور جواں مردی سے آج بھی قائم ہے دنیا کی کوئی طاقت پاکستان سے کشمیریوں کی روحانی اور مذہبی رشتے کو ختم نہیں کر سکتی انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم وملزوم ہیں کشمیریوں نے آج تک آگ و خون کا جو دریا پار کیا ہے اس کے پیچھے وطن کی آزادی اور نظریہ الحاق پاکستان سے وابستگی کا جذبہ کارفرما ہے مقبوضہ کشمیر کے عوام شہداء کی عظیم ایشان قربانیوں کا پاس کرتے ہوئے آج بھی بھارت کی اٹھ لاکھ سے زائد فوج کے خلاف سینہ سپر ہیں کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے بے پناہ انسانیت سوز مظالم کے باوجود بھی کشمیری قوم کا جذبہ حریت قائم دائم ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ سمیت تمام عالمی برادری اقوام متحدہ کے فورم پر تسلیم شدہ کشمیریوں کے حق خودارادیت پر عملدرآمد کے لیئے بھارتی سرکار پر دبائو ڈالے تاکہ جنوبی ایشیاء کے سنگین ترین مسئلہ کا حل نکل سکے۔ مسئلہ کشمیر کا حل برطانوی حکومت کی اخلاقی ذمہ داریوں میں شامل ہے اگر عالمی طاقتیں جنوبی ایشیاء کے خطے میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر دیکھنا چاہتی ہیں تو انہیں کشمیر جیسے بنیادی اور نہایت ہی اہم مسئلے کو حل کرانا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 236790
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش