0
Thursday 7 Feb 2013 16:41

کراچی میں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کی اصل وجہ حکومتی رٹ کا نہ ہونا ہے، پاکستان سنی تحریک

کراچی میں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کی اصل وجہ حکومتی رٹ کا نہ ہونا ہے، پاکستان سنی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کی جانب سے کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ، کارکنوں کے قتل عام اور قاتلوں کی عدم گرفتاری، بدامنی اور حکومت کی جانب سے کراچی میں قیام امن میں ناکامی پر جاری احتجاجی تحریک میں کراچی پریس کلب کے باہر جاری علامتی بھوک ہڑتال کے موقع پر کارکنان پاکستان سنی تحریک کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پی ایس ٹی کی رابطہ کمیٹی کے ارکان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کی اصل وجہ حکومتی رٹ کا نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر پولیس اور امن و امان کی بحالی کے اداروں میں بھرتیاں اور حکمرانوں کی مصلحت پسندی کے باعث کراچی آج آگ و خون میں جل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف 1 ماہ کے دوران پی ایس ٹی کے 12 کارکنان سمیت 300 سے زائد دیگر مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے کارکنان اور عام شہریوں کو ٹارگٹ کلنگ کی بھینٹ چڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ٹی ایک محب وطن جماعت ہے اور اس نے ہمیشہ محب وطنی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ شاید حکمران ہماری محب وطنی کو ہماری کمزوری تصور کر بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے میں کراچی پریس کلب کے باہر علامتی بھوک ہڑتال پر ہیں اور اب بھی ہمارے کارکنوں کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو دوسرے مرحلے میں ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔ اس موقع پر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں موجود سینکڑوں کارکنان نے پی ایس ٹی کے ذمہ داران اور کارکنوں کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے نعرے بازی کی۔ اس موقع پر کارکنان پی ایس ٹی نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر کراچی میں امن قائم کرو، ٹارگٹ کلنگ بند کراﺅ، پی ایس ٹی کے کارکنان کے قاتلوں کو گرفتار کرو اور دیگر نعرے درج تھے۔
خبر کا کوڈ : 237859
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش