0
Friday 8 Feb 2013 22:47

بنگلہ دیش میں سیاسی انتقام کی بدترین مثالیں قائم کی جا رہی ہیں، جماعت اسلامی

بنگلہ دیش میں سیاسی انتقام کی بدترین مثالیں قائم کی جا رہی ہیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سجاد احمد عباسی نے بنگلہ دیش کی حکومت کی طرف سے جماعت اسلامی کے راہنماؤں پر جھوٹے مقدمات اور انہیں سزائیں سنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سجاد احمد عباسی نے ضلعی سٹاف میٹنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نواز حسینہ واجد حکومت کے یہ اقدامات کھلم کھلا سیاسی انتقام کے ذمرے میں آتے ہیں۔ 1970 کے دفاع پاکستان کے سلسلے میں ہونے والے حالات و واقعات کو بہانہ بنا کر جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے بزرگ راہنماؤں کے خلاف انتقامی کاروائیاں عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی توجہ چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں سیاسی انتقام کی بدترین مثالیں قائم کی جا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے۔حسینہ واجد اپنے سیاسی مخالفین کا مقابلہ میدان میں کریں اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے ان کو ہر گز مقبول نہیں بنا سکتے۔ سجاداحمدعباسی نے کہا کہ بنگلہ دیشی عدالتوں کے فیصلوں سے دنیا بھر کے اسلام پسندوں اور جمہوریت پر یقین رکھنے والوں میں سخت تشویش اور غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بنگلہ دیش حکومت طاقت کی بجائے انصاف اور جمہوری انداز سے معاملات کو آگے چلائے گی۔
خبر کا کوڈ : 238199
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش