0
Monday 18 Feb 2013 03:27

کوئٹہ میں دہشتگردوں کے خلاف فی الفور فوجی آپریشن کیا جائے، علامہ صادق رضا تقوی

کوئٹہ میں دہشتگردوں کے خلاف فی الفور فوجی آپریشن کیا جائے، علامہ صادق رضا تقوی
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والے شیعہ مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور دہشت گردوں کی گرفتاری اور سرکوبی کے لئے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئی، کراچی احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں لانڈھی، کورنگی، اسٹیل ٹاؤن، ملیر نیشنل ہائی وے، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر، ابوالحسن اصفہانی روڈ، شاہراہ پاکستان، ناظم آباد، رضویہ سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جو نمائش چورنگی پر جمع ہو کر کراچی پریس کلب سے گورنر ہاؤس کے سامنے مرکزی احتجاجی علامتی دھرنا کی شکل اختیار کرگئی۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی، مولانا منور علی نقوی، مولانا علی انور اور سیکرٹری سیاسیات اصغر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ بم دھماکے میں بےگناہ افراد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئٹہ کو پہلے ہی ہمارے مطالبے پر فوج کے حوالے کر دیا گیا ہوتا تو یہ سانحہ رونما نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ پاکستان نے سانحہ علمدار روڈ کوئٹہ کے بعد حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ کوئٹہ شہر کو فوج کے حوالے کر دیا جائے اور تکفیری دہشت گردوں کے مراکز کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے لیکن وفاقی حکومت نے سستی اور کاہلی کا مظاہرہ کیا، سانحہ کیرانی روڈ کوئٹہ کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں نے کہا کہ ملک بھر میں اور خصوصاً بلوچستان میں معصوم انسانوں کے قتل اور دہشت گردی کے واقعات میں بلوچستان میں قائم امریکی سفارتخانہ براہ راست ملوث ہے۔ رہنماؤں نے مزید کہا ہے کہ سانحہ کیرانی روڈ کی ذمہ داری بلوچستان میں گورنر راج کی مخالفت کرنے والے عناصر پر بھی برابر عائد ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اس کے حواری امریکی مفادات کی خاطر ملک کو عدم استحکام کا نشانہ بنانا چاہتے ہیں اور اس طرح کی دہشت گردانہ کارروائیوں سے معصوم انسانوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔

رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں فوری طور پر فوج کو طلب کیا جائے اور امریکی حمایت یافتہ تکفیری دہشت گرد گروہوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے بصورت دیگر ملت جعفریہ پاکستان نا ختم ہونے والے احتجاج کا سلسلہ شروع کر دے گی جس کا خاتمہ وفاقی حکومت کے خاتمے کے ساتھ ہو گا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ ملک بھر میں سکیورٹی ایجنسیاں اور ریاستی ادارے کالعدم دہشت گرد گروہ طالبان اور تکفیری گروہوں کی سرپرستی کر رہے ہیں اور ملت جعفریہ کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے ریاستی اداروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک دشمن پالیسیوں سے باز آ جائیں بصورت دیگر ملت جعفریہ ان کا احتساب کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملت جعفریہ کے صبر کو نہ آزمایا جائے اگر صبر کے پیمانے لبریز ہوگئے تو ریاستی اداروں کی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گرد گروہ باقی رہیں گے اور نہ پھر یہ ریاستی اداروں کی عیاشیاں باقی رہیں گی۔

رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ کوئٹہ میں امریکی قونصلیٹ کے قیام کے بعد سے دہشتگردی کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ کوئٹہ سمیت ملک بھر میں کھلے امریکی قونصلیٹ بند کئے جائیں اور ملک سے امریکی سفارتکاروں کو جو دراصل دہشت گردی کے بانی اور منبع ہیں کو ملک بدر کیا جائے۔ اس موقع پر شرکائے مظاہرہ نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور اور دہشت گردی مردہ باد سمیت حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔ بعد ازاں احتجاجی علامتی دھرنا مجلس و حدت مسلمین کی مرکزی قیادت کے حکم پر منظم انداز سے ختم کر دیا گیا۔ دھرنا 3 گھنٹہ جاری رہا اور دھرنے میں خواتین بچے، بزرگ اور نوجوانوں سمیت ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے علماء و ذاکرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 240526
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش