0
Thursday 28 Feb 2013 10:50

پاکستان مسئلہ کشمیر موثر انداز میں پیش نہیں کر سکا، یاسین ملک

پاکستان مسئلہ کشمیر موثر انداز میں پیش نہیں کر سکا، یاسین ملک
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ یاسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیر نے ہر صورت آزاد ہونا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں جس طرح قربانیوں کی داستان رقم ہو رہی ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ بھارت کچھ بھی کر لے اسے کشمیر کو چھوڑنا ہو گا۔ اگرچہ اس سلسلے میں پاکستان نے اپنا کردار اس طرح سے ادا نہیں کیا جس طرح کہ اسے ادا کرنا چاہیے تھا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات کے جنوبی ایشیاء یونٹ کے زیراہتمام " کشمیر داستان جدوجہد " کے عنوان سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کی صدارت پینجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کی جبکہ سیمینار سے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ 

یاسین ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری قربانیاں دے رہے ہیں۔ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ اگرچہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر اس طرح آواز نہیں اٹھائی جس طرح کہ اٹھانی چاہیے تھی تاہم ہم جانتے ہیں کہ پاکستان کے عوام کو کشمیری عوام سے پیار کرتے ہیں اور کشمیری بھی پاکستانی عوام سے پیار کرتے ہیں۔ یاسین ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو گمنام قبریں دریافت ہوتی ہیں وہ کشمیری شہداء کی ہیں جن کو بھارتی قابض فوج گھروں سے اٹھا کر لے جاتی ہے اور بعد میں درندگی کا نشانہ بنا کر دفن کر دیتی ہے۔ کشمیری 2008ء سے بالکل عوامی تحریک چلائے ہوئے ہے جبکہ بھارتی فوج ان پر تشدد اور مظالم کی انتہا کیے ہوئے ہے اور کشمیری عوام گولیوں کا جواب نعروں سے دے رہی ہے۔ اس لیے ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس ساری صورتحال کا نوٹس لے۔ 

اس موقع پر سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد احمد خان نے کہا کہ ہم نے کشمیریوں سے وفا نہیں کی اور ہم نے انکی اس طرح سے حمایت نہیں کی جسطرح انھوں نے قربانیاں دی ہیں۔ کیونکہ جب کشمیر پر خارجہ پالیسی بنائی جاتی ہے تو کشمیریوں سے کوئی پوچھتا ہی نہیں جبکہ جب میں سیکرٹری خارجہ تھا تو ہم کشمیریوں سے مشورہ کر کے کشمیر پالیسی بناتے تھے۔ لہذا ہمیں کھل کر کشمریوں کی حمایت کرنی چاہیے۔ 

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سیاستدان صرف اپنا الو سیدھا کر کے مال بنا رہے ہیں جبکہ یاسین ملک جیسے مجاہد اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں۔ ہمیں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا چاہیے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی مقبوضہ کشمیر کے تمام شہداء کی فہرست مرتب کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 243063
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش