0
Saturday 2 Mar 2013 15:10

گردنیں کٹوا کر بھی ایران کے ساتھ گیس منصوبہ مکمل کریں گے، قمر زمان کائرہ

گردنیں کٹوا کر بھی ایران کے ساتھ گیس منصوبہ مکمل کریں گے، قمر زمان کائرہ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم گردنیں کٹوا دیں گے لیکن جھکیں گے نہیں، ایران کے ساتھ معاہدہ پاکستان کے مفاد میں کیا، منصوبے کو مکمل بھی کریں گے، لالہ موسیٰ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کسی سے ڈرنے والے نہیں، گردنیں کٹوا دیں گے لیکن کسی کے آگے جھکیں گے نہیں، پاکستان کا مفاد عزیز ہے، ہر وہ کام کرینگے جو پاکستان کے مفاد میں ہو، ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن معاہدے کی پہلے کسی میں ہمت نہیں تھی، دنیا میں امن کے داعی ہیں، افغانستان، بھارت اور دیگر ملکوں میں بھی امن چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا جاتا ہے کہ غیر ملکی طاقتوں سے ہم ڈرتے ہیں اور فیصلے ان کے کہنے پر کرتے ہیں، دنیا چاہے کچھ بھی کہے ہم اپنے ملک کے عوام کو گیس کی فراہمی کے لیے منصوبے پر عمل کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا دوست ملک ہے، چین نے گوادر کی بندرگاہ بنائی اور اب وہی اس کو چلائے گا جس کا فائدہ پاکستان کو ہو گا، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پیسہ لے کر آئی جے آئی بنانے کی بات اعلیٰ عدلیہ میں ثابت ہو چکی ہے، آج پھر نواز شریف پاکستان پیپلز پارٹی کیخلاف دہشتگردوں کو اکٹھا کرکے آئی جے آئی بنا رہے ہیں، شہباز شریف دو سال میں بجلی کی قلت ختم کرنے کی باتیں کرتے ہیں وہ بتائیں 5 سال سے اقتدار میں ہیں انہوں نے کیا کیا۔؟ (ن) لیگ کا سندھ اور بلوچستان میں وجود نہیں، خیبر پختونخواہ میں ہزارہ سے بھی ان کی چھٹی ہو گئی اور اب وہ پنجاب بلکہ صرف لاہور میں رہ گئی ہے۔ وزیراطلاعات نے کہا ہے کہ نوازشریف کی ساری سیاست لاہور کے گرد گھومتی ہے، پورے ملک میں ان کے ساتھ کوئی جمہوری قوت نہیں، قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کیلئے سندھ میں پاوٴں رکھنے کی جگہ نہیں ہے، مسلم لیگ ن سندھ ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان سے کوئی نشست نہیں جیت سکے گی، انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام بھی ان کی پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جو ترقیاتی کام کروائے ہیں وہ ووٹ لینے کیلئے نہیں کروائے۔ ترقیاتی کام عوام کا حق ہیں جبکہ شہباز شریف ہمارے ترقیاتی منصوبوں پر تختیاں لگاتے پھر رہے ہیں، اس موقع پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ گیس کی قلت دور کرنے کیلیے معاہدہ کیا ہے اور گیس کے بعد ایران سے بجلی بھی حاصل کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 243596
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش