0
Sunday 25 Apr 2010 11:13

صدر سے گیلانی اور پرویز اشرف کی ملاقات،توانائی بحران پر قابو نہ پایا تو قوم معاف نہیں کرے گی،صدر زرداری

صدر سے گیلانی اور پرویز اشرف کی ملاقات،توانائی بحران پر قابو نہ پایا تو قوم معاف نہیں کرے گی،صدر زرداری
اسلام آباد:اسلام ٹائمز-وقت نیوز کے مطابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے صدر زرداری کو 18ویں ترمیم کے بعد کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس کے علاوہ سارک کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف نے صدر کو بجلی کی بچت اور لوڈشیڈنگ میں کمی کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعظم گیلانی نے صدر کو مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کے ساتھ ٹیلیفون پر ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔ملاقات میں توانائی کے بحران کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم گیلانی نے صدر زرداری کو توانائی کے بحران اور اس میں بہتری کے لئے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی،صدر زرداری نے انہیں ہدایت کی کہ حکومت اس مسئلے کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے۔عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ گرمیوں کی آمد اور بجلی کی پیداوار میں شارٹ فال کے حوالے سے جامع منصوبہ بنایا جائے۔سرکلر ڈیٹ،توانائی کا حصول،لائن لاسز اور توانائی کے متبادل وسائل اور ذرائع پر خصوصی طور پر ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔انہوں نے حکومت کی جانب سے عوامی مسائل سے آگہی اور توانائی کے مسائل کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ 
صدر زرداری نے کہا کہ بجلی کی فراہمی اس طرح شیڈول کی جائے کہ اس کی وجہ سے قومی ترقی کے اہم سیکٹرز ملکی معیشت اور اقتصادی حالت متاثر نہ ہو۔راجہ پرویز اشرف نے صدر اور وزیراعظم کو لوڈشیڈنگ میں کمی اور توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور ان پر عملدرآمد کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی،صدر اور وزیراعظم کو بتایا گیا کہ صوبے توانائی بچت مہم میں وفاق کا ساتھ دے رہے ہیں،مشکلات کے باوجود وفاق کے فیصلوں پر عملدرآمد کی کوشش کی جا رہی ہے،صدر نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو توانائی کے بحران کا سامنا ہے،اس مسئلے کے حل کیلئے حکومت خاموش نہیں بیٹھ سکتی مختصر مدت کے اقدامات کے ساتھ ساتھ طویل المدت اقدامات ناگزیر ہیں اور اگر ہم نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے مستقل بنیادوں پر اقدامات نہ کئے،نئے منصوبے شروع نہ کئے تو قوم ہمیں معاف نہیں کریگی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بجلی بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں،جتنی جلدی ممکن ہو سکا حکومت لوڈشیڈنگ کے عذاب سے عوام کی جان چھڑائے گی۔ 
گیلانی نے صدر کو میاں نواز شریف سے ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو پر بھی اعتماد میں لیا اور بتایا کہ وفاقی حکومت 18ہویں ترمیم پر عملدرآمد کے سلسلے میں رضا ربانی کی سربراہی میں وفاقی کمشن قائم کر چکی ہے،جس کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی نام مانگے گئے ہیں یہ کمشن اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اٹھارہویں ترمیم پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد ہو۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کو فعال اور متحرک بنانے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 24443
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش