0
Friday 8 Mar 2013 20:01

تمام سیاسی جماعتیں دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہی ہیں، عارف علوی

تمام سیاسی جماعتیں دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہی ہیں، عارف علوی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکرٹری عارف علوی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں دہشت گرد گروپوں کی پشت پناہی کر رہی ہیں جس کے باعث دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے اور وہ شہر میں امن و امان کو تہہ و بالا کرنے کے درپے ہیں۔ لہٰذا اس کے سدباب اور امن و امان کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ سکیورٹی انتظامیہ کو سیاست سے پاک کیا جائے۔ اگر شفاف انتخابات نہ ہوئے تو ملک کبھی موجودہ صورتحال سے نہیں نکل پائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ شمیم نقوی، جمال انصاری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
 
عارف علوی نے مزید کہا کہ شہر میں دہشت گردی انتہا کو پہنچ چکی ہے جس کے باعث مزدور طبقہ مفلوج ہو چکا ہے اور ملکی معیشت تباہ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبوری حکومت کیلئے جو تین نام پیش کئے گئے وہ درست ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹوں کے حوالے سے جو کام انجام دیا اس سے مطمئن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سمیت تمام سیاسی جماعتیں کرپشن میں ملوث ہیں اور دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے اقدام تو دور کی بات بلکہ اسے کسی خاطر میں لانا تک گوارا نہیں کر رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ نامعلوم افراد بیس منٹ میں پورا شہر بند کرا دیتے ہیں اور حکومت نہ ان کی شناخت کرتی ہے اور نہ ہی کوئی کارروائی کرتی ہے جبکہ انہیں ہر بات کا علم ہوتا ہے کہ اس کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بار حکمران جماعت پیپلز پارٹی انتخابات میں چالیس سیٹیں بھی جیت گئی تو یہ بہت بڑی بات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے کسی طرح کی امید رکھنے کی بجائے عوام کو اب اپنا تحفظ خود ہی کرنا ہوگا اور درپیش مسائل سے نکلنے کیلئے خود ہی کوشش کرنی ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 245182
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش