0
Wednesday 13 Mar 2013 23:11
سرکاری حکام متاثرین کیلئے ریلیف میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں

متاثرین شدید مشکلات کا شکار ہیں، شہداء عباس ٹاؤن کو فوری معاوضہ ادا کیا جائے، علامہ صادق رضا تقوی

متاثرین شدید مشکلات کا شکار ہیں، شہداء عباس ٹاؤن کو فوری معاوضہ ادا کیا جائے، علامہ صادق رضا تقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے کسی کارکن کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار کراچی انتظامیہ ہوگی، کمشنر کراچی، ایڈیشنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملیر کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے، شہدائے عباس ٹاؤن کو فی الفور معاوضہ ادا کیا جائے، متاثرین عباس ٹاؤن کے ساتھ کراچی کے اعلٰی سرکاری حکام کا مبینہ ناروا سلوک شرمناک فعل ہے، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی، صوبائی سیکرٹری سیاسیات علامہ عبد اللہ مطہری، مولانا حیدر عباس عابدی، مولانا باقر زیدی، مولانا علی افضال کریمی، علامہ اصغر زیدی، علامہ ابوذی مہدوی، مولانا علی انور جعفری اور المہدی ریلیف کے انچارج صابر کربلائی نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کے ریلیف کے لئے حکومتی وعدوں اور اعلانات کے باوجود کراچی کی بیورو کریسی کی جانب سے کھڑی کی جانے والی بلاجواز رکاوٹوں کے سبب سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ سانحہ میں شہید ہونے والوں کے ورثاء کو پندرہ اور زخمیوں کو دس دس لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے وزیر اعلٰی قائم علی شاہ نے اسپتال اور وزیراعلٰی ہاؤس میں 60 سے زائد متاثرین میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے ہیں، البتہ شہداء کے لواحقین کو تاحال کسی قسم کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا، جس میں سب سے بڑی رکاوٹ کراچی کی موجودہ بیورو کریسی ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعلٰی ہاؤس میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کو یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ شہید ہونے والوں کے ورثاء اور زخمیوں کو فی الفور ریلیف دیا جائے گا، مجلس وحدت مسلمین کے وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں وزیراعلٰی قائم علی شاہ نے 6 رکنی کمیٹی پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل رضا عابدی کی سربراہی میں قائم کی تھی، جس کا کام شہداء اور زخمیوں سمیت متاثرین سانحہ عباس ٹاؤن کو فوری ریلیف دلوانا تھا۔ تاہم بیورو کریسی اور اعلٰی سرکاری حکام سانحہ عباس ٹاؤن کے متاثرین کے لئے ریلیف میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔ رہنماؤں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ کراچی انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی خطرناک دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے، متاثرین کی داد رسی کی جائے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 246484
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش