0
Thursday 14 Mar 2013 22:35

سنی اتحاد کونسل کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن، فضل کریم نے قوم کیساتھ دھوکا کیا، محفوظ مشہدی

سنی اتحاد کونسل کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن، فضل کریم نے قوم کیساتھ دھوکا کیا، محفوظ مشہدی
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل(سواد اعظم) کے چیئرمین سنی اتحاد کونسل پیر سیّد محفوظ شاہ مشہدی نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کی رجسٹریشن کے سلسلہ میں صاحبزادہ فضل کریم اور حاجی حنیف طیّب نے الیکشن کمیشن اور عوام اہل سنت کو دھوکہ دیا ہے، سنی اتحاد کونسل 8 جماعتوں پر مشتمل ایک اتحاد تھا جس میں غیر سیاسی، مذہبی اور تعلیمی جماعتیں شامل تھیں، ان سب کی مشاورت کے بغیر اتحاد کو صرف ایک جماعت ظاہر کر کے رجسٹریشن کرانا سنی اتحاد کونسل کے قیام کے بنیادی مقاصد کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ان دونوں کو عہدوں سے برطرف کر دیا تھا اور علماء مشائخ کی بھرپور تائید و حمایت سے مجھے کونسل کا نیا صدر بنایا گیا تھا لیکن افسوس کہ بعض مخصوص سیاسی، ذاتی و مالی مفادات کے لیے صاحبزادہ فضل کریم، حاجی حنیف طیب کے مشوروں سے اہل سنت کے اتحاد کو پار ہ پارہ کرنے اور نظام مصطفی(ص) کے نفاذ کی منزل سے دور کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں سنی اتحاد کونسل کے نشان پر الیکشن لڑنے کیلئے ایک بھی امیدوار ان کے پاس نہیں، اس سے قبل وہ خود مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر میاں برادران کی خصوصی مہربانی سے اسمبلی میں پہنچے لیکن پی پی پی کے دورہ اقتدار میں مراعات حاصل کرنے کی خاطر مسلم لیگ(ن) کا ساتھ چھوڑے رکھا۔

انہوں نے کہا کہ صاحبزادہ فضل کریم مسلم لیگ(ق) اور پی پی پی سے بھرپور رابطے میں رہے جبکہ مسلم لیگ(ن) کی سیٹ سے چمٹے رہے، اب پی پی پی سے مفاد اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسمبلی میں جانے کے لیے کامیاب ہو گئے تو پی پی پی اور (ق) لیگ کو بھی دھوکہ دیں گے کیونکہ ذاتی مفادات کی خاطر پارٹی بدلنا اور بے اصولی کی سیاست کرنا ہر دو حضرات کا پرانا طریقہ ہے، یہ لوگ مولانا شاہ احمد نورانی، مولانا عبدالستار خان نیازی سے بھی دھوکہ کرتے رہے اور اہل سنت کی گروپ بندی کرتے ہوئے انتشار کا باعث بنتے رہے۔
خبر کا کوڈ : 246686
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش