0
Sunday 24 Mar 2013 22:33

اسلام دشمن قوتیں پاکستان کو مضبوط اور مستحکم نہیں دیکھنا چاہتیں،فضل کریم

اسلام دشمن قوتیں پاکستان کو مضبوط اور مستحکم نہیں دیکھنا چاہتیں،فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ عوام سے منہ کا نوالا اور گھر کا اجالا چھین لیا گیا ہے، پاکستانی سیاست اصولوں کی قربان گاہ بن چکی ہے، حقیقی تبدیلی حکمرانی کا روایتی کھیل ختم کرنے سے ہی ممکن ہے،لوٹوں کو گلے لگا کر اصول پرست انتخاب پرست بن چکے ہیں، آصف علی زرداری کا سیاسی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ مثبت اقدام ہے، چوہدری برادران کی رہائش گاہ پر فائرنگ قابل مذمت ہے، آئندہ الیکشن میں خاموش اکثریت اہم کردار ادا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 11 مئی کے الیکشن کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے مختلف حلقوں کے امیدواروں کے چناؤ پر غور وفکر کیا گیا اور انتخابی مہم کی منصوبہ بندی تیار کی گئی۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ حقیقی جمہوریت اس وقت آئے گی جب عام آدمی بھی الیکشن لڑ سکے گا، پاکستان میں نوٹ کی طاقت ووٹ کی طاقت پر غالب آ چکی ہے، اسلام دشمن قوتیں پاکستان کو مضبوط اور مستحکم نہیں دیکھنا چاہتیں، نئے پاکستان کے لیے نسل در نسل حکمرانی کرنے والوں سے نجات ضروری ہے۔ انہوں نے کہا عوام ووٹ کی طاقت سے ظلم کی زنجیریں توڑ ڈالیں، تمام سیاسی جماعتیں کرپشن فری پاکستان، امریکی مداخلت کا خاتمہ اور عافیہ صدیقی کی رہائی کو اپنے منشور کا حصہ بنائیں۔ الیکشن میں نئے ووٹرز پرانے سیاست کاروں کو مسترد کر دیں گے۔ عوامی نمائندوں کو عوام کے مسائل کا علم ہی نہیں ہوتا۔ غریب اور متوسط طبقے کو اپنی صفوں سے نئی قیادت ابھارنا ہو گی۔ سنی اتحاد کونسل کامیاب جلسے پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو مبارکباد دیتی ہے۔ اجلاس میں پیر محمد اطہر القادری، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، طارق محبوب، بیرسٹر وسیم الحسن نقوی، الحاج سرفراز تارڑ، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، محمد نواز کھرل، مفتی محمد حسیب قادری، شیخ اظہر سہیل، حاجی رانا شرافت علی قادری، مفتی محمد کریم خان، صاحبزادہ سیّد صابر گردیزی، میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی، پیر طارق ولی چشتی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 248888
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش