0
Thursday 16 May 2013 11:50

سکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن، علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے بارے میں متضاد اطلاعات

سکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن، علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے بارے میں متضاد اطلاعات
اسلام ٹائمز۔ اکوڑہ خٹک میں سکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو اغواء کاروں کے قبضے سے بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ میڈیا نیوز کے مطابق اکوڑہ خٹک کے علاقے میں رات 3 بجے سے سکیورٹی فورسز، پولیس، حساس اداروں اور ایلیٹ فورس کا مشترکہ آپریشن جاری تھا۔ واضع رہے کہ 10 مئی کو الیکشن سے ایک روز قبل ملتان میں پیپلز پارٹی کی کارنر میٹنگ پر فائرنگ کے بعد علی حیدر گیلانی کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ علی حیدر پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 200 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار تھے۔ فائرنگ کے واقعہ میں علی حیدر گیلانی کے سیکرٹری محی الدین اور ان کا ایک محافظ ہلاک ہوگئے تھے جبکہ اس حملے میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے۔ واقعہ کے فوری بعد سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی اور دیگر اعلٰی حکام سے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کیلئے اپیل کی تھی۔ جس کے بعد آج ایک مشترکہ آپریشن کے بعد علی حیدر گیلانی کو اغواء کاروں کے قبضے سے بازیاب کرا لیا گیا۔ آپریشن میں ایک اغواء کار کی ہلاکت اور دو کو گرفتار کرنے کی اطلاعات ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے لیے نوشہرہ میں پولیس آپریشن کیا گیا ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں کارروائی کرکے ایک شخص کو بازیاب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے لئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اکوڑہ خٹک کے علاقے مصری بانڈہ میں ایک شخص سردار علی کی زمین پر سرچ آپریشن کیا، کارروائی کے دوران ایک شخص کو بازیاب کرالیا گیا جب کہ دو عورتوں سمیت 6 اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ بازیاب شخص اور اغوا کاروں کو پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او وقار احمد کا کہنا ہے کہ اطلاع پر چھاپا مارا تھا لیکن وہاں سے علی حیدر بازیاب نہیں ہوئے۔ چھاپے میں عبدالوہاب نامی شخص بازیاب ہوا ہے۔ چھاپے کے دوران 4 مرد اور 2 خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں۔
خبر کا کوڈ : 264435
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش