0
Thursday 16 May 2013 18:28

مسلم لیگ ن کی کامیابی انٹرنیشنل گیم کا حصہ ہے، صاحبزادہ حامد رضا

مسلم لیگ ن کی کامیابی انٹرنیشنل گیم کا حصہ ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی کامیابی انٹرنیشنل گیم کا حصہ ہے،امریکی ضرورتوں کے تحت طالبان دوست حکومت لائی گئی ہے، امریکہ افغانستان سے محفوظ واپسی کے لیے نواز شریف کو اقتدار میں لایا ہے، پچھلا الیکشن پاکستان کھپے اور موجودہ ٹھپے ہی ٹھپے کے ذریعے جیتا گیا، نواز، عمران ملاقات خوش آئند پیشرفت ہے،الیکشن ہائی جیک کرنے کی سازش کامیاب ہو گئی ہے، جیتنے اور ہارنے والے دونوں دھاندلی کا شور مچا رہے ہیں۔

المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب ہر جماعت دھاندلی کی بات کر رہی ہے تو الیکشن شفاف کیسے ہو گئے، قوم نے الیکشن میں بھرپور شرکت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی دہشت گرد نہیں جمہوریت نواز ہیں، نواز شریف بھارت سے دوستی کے لیے ضرورت سے زیادہ بے قرار ہو رہے ہیں، بھارت نواز پالیسی ملک کے لیے تباہ کن ہو گی۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پنجاب میں الیکشن جیتنے کے لیے افسر شاہی اور انتخابی عملے کو استعمال کیا گیا،میاں نواز شریف ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں،دھاندلی کے خلاف احتجاج تحریک انصاف کا جمہوری حق ہے، میاں نواز شریف اپنے اور اپنے خاندان کے تمام افراد کے اثاثوں کا اعلان کریں اور اقتدار کے دوران ان اثاثوں میں اضافہ نہ کرنے کا قوم سے وعدہ کریں، مسلم لیگ ن کے قائد کے بھارت نواز بیانات نے محب وطن طبقات کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 264613
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش