0
Thursday 16 May 2013 15:57

مسائل کے حل کیلئے سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، شہباز شریف

مسائل کے حل کیلئے سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے سابق وزیراعلٰی اور مسلم لیگ نون کے رہنما شہباز شریف اور جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ختم ہوگئی ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے اختتام پر دونوں راہنماؤں نے میڈیا سے بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے بڑی امید افزا گفتگو ہوئی ہے، یہ سلسلہ جاری رہے گا، گو کہ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کو سادہ اکثریت حاصل ہوچکی ہے، لیکن ملاقات میں طے پایا ہے کہ معاملات کو حل کرنے کیلئے اتفاق رائے سے قدم اٹھائیں گے۔ مل جل کر معاملات کو حل کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے، بلوچستان میں ایک اور جماعت کے ساتھ حکومت بنائیں گے۔ 

الطاف حسین کے بیان پر کئے گئے سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ الطاف حسین کے بیان سے ملک سکتے میں آگیا تھا، الطاف حسین کاش پاکستان کیلئے ایسا بیان نہ دیتے، تاہم الطاف حسین نے اپنے بیان کی تردید کردی ہے، اس کو مان لینا چاہیئے۔ مولانافضل الرحمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ شہباز شریف کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے دعوت دی، شہباز شریف کی دعوت پر پارٹی کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے، مجلس عاملہ سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومتیں اچھی حکمت عملی سے چلتی ہیں۔ تحریک انصاف کی الیکشن میں کامیابی پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کا مینڈیٹ جعلی ہے، تسلیم نہیں کرتے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلٰی پنجاب میاں محمد شہباز شریف اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان (ن) لیگ کے رہنماء نومنتخب ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مرکز اور خیبرپختونخوا میں حکومت سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے میاں نواز شریف کا عزم پختہ ہے۔ مسائل کے حل کے لئے سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ہم انشااللہ لوڈشیڈنگ، کرپشن اور مہنگائی کے عفریت پر قابو پالیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کو جعلی مینڈیٹ دیا گیا۔ ہم نے جمیعت کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم باہمی مشاورت سے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 264574
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش