0
Wednesday 22 May 2013 14:42

چینی وزیراعظم دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، شاندار استقبال

چینی وزیراعظم دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، شاندار استقبال
اسلام ٹائمز۔ چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ اپنے پہلے دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچ گئے، چینی وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔ معزز مہمان کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ چین کے وزیراعظم پاکستان کے دو روزہ دورے کے دوران وہ صدر، وزیراعظم اور میاں نواز شریف سمیت قومی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ماہرین چینی وزیراعظم کے حالیہ دورے کو انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو معیشت اور توانائی کے شعبے کی بہتری کے لیے چین سے تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ 

سینیئر تجزیہ نگار طلعت مسعود کا کہنا ہے کہ چین کا بھارت کے ساتھ 100 ارب ڈالر تک تجارتی حجم بڑھانے کا منصوبہ ہے، پاکستان کو بھی آگے بڑھ کر اس کی مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنا چاہئے۔ پاکستان نے حال ہی میں اپنی اہم بندرگاہ گواردر پورٹ کو چین کے حوالے کیا ہے جس سے وہاں تجارتی سرگرمیاں بڑھنے کا امکان ہے۔ ماہرین کی نظر میں چین پاکستان کا مخلص دوست ہے، جس نے عالمی مخالفت کے باوجود پاکستان کو دفاعی طور پر بھی مضبوط کیا ہے۔ طلعت مسعود کا کہنا ہے کہ چین نے پاکستان کو جے ایف تھنڈر طیاروں، جدید فریگیٹس سمیت کئی دفاعی آلات بنانے کی صلاحیت پاکستان کو دی۔ ماہرین توقع ظاہر کر رہے ہیں کہ چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے موقع پر جہاں سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگرکئی معاہدے ہوں گے وہاں پاکستان کوسول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کی فراہمی کے معاملے پر بھی مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔

ماہر خارجہ امور مشرف زیدی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 60 اور 70 کی دہائی میں چین کو تنہائی سے نکالنے کے لیے کردار ادا کیا، وہ اس کا ہمیشہ ممنون ہے، پاکستان کو سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی ملنی چاہئے۔ پاکستان اور چین عظیم دوستی کے رشتوں میں بندھے ہیں، ماہرین توقع کر رہے ہیں کہ چین پاکستان کو توانائی کے سنگین بحران سے نکالنے کے لئے بھی بھرپور کردار کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 266427
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش