0
Thursday 30 May 2013 18:59

امریکہ کبھی ہمارا دوست تھا اور نہ ہی آئندہ بن سکتا ہے، وسیم اختر

امریکہ کبھی ہمارا دوست تھا اور نہ ہی آئندہ بن سکتا ہے، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب و نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ ڈرون حملے ملکی سلامتی کے خلاف سازش ہیں انہیں فی الفور بند ہونا چاہئے، اس وقت تک حالات نہیں بدلیں گے جب تک خارجہ پالیسی کو ازسرنو تشکیل نہیں دیا جاتا، اب وقت آ گیا ہے کہ نئی حکومت ڈرون حملوں کے خلاف اسٹینڈ لے، 400 سے زائد ڈرون حملوں میں 5 ہزار بے گناہ افراد، معصوم بچے اور خواتین لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کو خیر باد کہا جائے، مشرف نے پارلیمنٹ کو بائی پاس کرتے ہوئے امریکیوں کو ڈرون حملوں کی اجازت دی تھی, جس کے نتائج آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں مرتب کرے، 18 کروڑ عوام گذشتہ ایک دھائی سے جس اذیت میں مبتلا ہیں اس سے چھٹکارہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نہ کبھی ہمارا دوست تھا اور نہ ہی آئندہ بن سکتا ہے۔
ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ امریکی تعلقات مفادات کے گرد گھومتے ہیں، 50 ہزار قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے اور 68 ارب ڈالر کا نقصان کروانے کے بعد بھی حکمران ہوش کے ناخن نہیں لے رہے۔ جماعت اسلامی پنجاب کے امیر نے مزید کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے پاکستان کی عزت، وقار اور سلامتی سب کچھ داؤ پر لگا دیا ہے، چند ڈالروں کے عوض امریکہ جو چاہتا ہے وہ کرواتا ہے۔ وطن عزیز کا تشخص دنیا میں بری طرح مجروح ہو چکا ہے، اسے نئے سرے سے بحال کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 269125
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش