0
Thursday 30 May 2013 18:52

نواز شریف پاک ایران گیس منصوبے پر اپنی پالیسی واضح کریں، صاحبزادہ حامد رضا

نواز شریف پاک ایران گیس منصوبے پر اپنی پالیسی واضح کریں، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ جعلی جمہوریت نے حکام کو خوشحال اور عوام کو بدحال کر دیا ہے، میاں نواز شریف پاک ایران گیس منصوبے پر اپنی پالیسی واضح کریں، کرپشن فری گڈ گورننس ملک کی ضرورت ہے، نواز شریف اپنی پہلی تقریر میں بلدیاتی الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں، لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو ہیرو زیرو ہو جائیں گے، سیاست کو منافع بخش کاروبار بنانے والوں سے نجات کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، لیڈر خواب فروشی چھوڑ کر مسائل پر توجہ دیں، حکمران رَج نہیں تو بھوک ہی برابر بانٹ دیں، اشرافیہ آتش فشاں کے دہانے پر پکنک منا رہی ہے، آدھے سے زیادہ منتخب ہونے والے ممبران اسمبلی 62، 63 پر پورا نہیں اترتے۔

صاحبزادہ فضل کریم کے چہلم کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آدھی رات کی اندھیرنگری میں نتائج تبدیل ہوئے،الیکشن کمیشن انتخابی اخراجات کی حد کی پابندی بھی نہیں کروا سکا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نئی حکومت کو پارلیمنٹ میں فرینڈلی نہیں حقیقی اپوزیشن کا سامنا ہو گا، ملک کی خراب معیشت کے پیش نظر نئے حکمران اور وزراء قومی خزانے سے تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا اعلان کریں، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے ادارے اور عالمی برادری ڈرون حملوں کا نوٹس لیں، نئی حکومت کو روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دینا ہو گی، ریاستی اقتدار کے بل بوتے پر حرام کھانے والوں کا بے رحم احتساب ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ غربت کی وجہ سے ہونے والی ہر خودکشی کی ایف آئی آر حکمرانوں کے خلاف درج ہونی چاہیے، پاکستان میں زندگی مہنگی اور موت سستی ہو چکی ہے، ہمیشہ جمہوریت کے ثمرات مراعات یافتہ طبقے نے سمیٹے ہیں، احتساب کے شفاف نظام کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے،نئے حکمران عوام کو صبر کا درس نہ دیں بلکہ کچھ کر کے دکھائیں، قوم کو ایک بار پھر نئے وعدوں کی صورت میں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا گیا ہے، قوم نے پہلے تیر بھگتا اور اب شیر کو بھگتے گی، تیر اور شیر میں صرف ایک نقطے کا فرق ہے، شفافیت گڈ گورننس کی بنیاد ہے، معاشی انصاف کے لیے قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی پابندی ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 269119
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش