0
Saturday 1 Jun 2013 09:39

اسلامی تحریکیں حکومتی سطح پر کشمیر کمیٹیاں قائم کریں، عبدالرشید

اسلامی تحریکیں حکومتی سطح پر کشمیر کمیٹیاں قائم کریں، عبدالرشید
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے سوڈان کی اسلامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر زبیر احمد اور ملائیشیا کی اسلامی تحریک کے سربراہ عبدالحاوی ایوانگ اور سوڈان کی پارلیمنٹ کے سپیکر سمیت دیگر قائدین سے مسئلہ کشمیر پر اہم ملاقاتیں کیں۔ عبدالرشید ترابی کے ہمراہ عبدالغفار عزیز، غلام نبی نوشہری، راجہ خالد محمود اور راجہ شکیل ترابی شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقاتوں کے دوران عبدالرشید ترابی نے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی آٹھ لاکھ فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ عبدالرشید ترابی نے سوڈان کی اسلامی تحریک کے سربراہ کو بتایا کہ کشمیریوں کو اپنا حق مانگنے کی پاداش میں شہید کیا جا رہا ہے۔ اب تک پانچ لاکھ کشمیری شہید کیے جا چکے ہیں، ہزاروں نوجوان لاپتہ ہیں ان کی مائیں اور بیویاں سالہا سال سے ان کو تلاش کر رہی ہیں۔ حال میں گمنام قبرستان دریافت ہوئے ہیں جن میں کئی بے گناہ کشمیریوں کو ماورائے عدالت شہید کر کے دفن کیا گیا ہے۔ ہزاروں خواتیں کو بے آبرو کیا گیا۔ ان سب جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی ہندوستان کو مزید مظالم ڈھائے جانے کی شہ دے رہی ہے۔

عبدالرشید ترابی نے اسلامی تحریکوں کے قائدین کو تجاویز دی کہ وہ اپنی جماعتوں کے اندر اور کوشش کر کے حکومتی سطح پر کشمیر کمیٹیاں تشکیل دیں تاکہ اس پلیٹ فارم سے ہندوستان کے مظالم کو بے نقاب کیا جا سکے۔ کشمیری آپ کی مدد کے منتظر ہیں۔ اس موقع پر اسلامی تحریکوں کے قائدین نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر امت مسلمہ کے بڑے مسائل ہیں۔ ہماری ہمدریاں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ او آئی سی اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 269495
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش