0
Sunday 30 May 2010 12:20

امدادی فریڈم فلوٹیلا آج غزہ پہنچے گا

امدادی فریڈم فلوٹیلا آج غزہ پہنچے گا

 اناطولیہ:اسلام ٹائمز-آج نیوز کے مطابق محصورین غزہ کے لئے امداد لیجانے والا فریڈم فلوٹیلا آج غزہ پہنچے گا،اسرائیل نے قافلہ روکنے کی بھرپور تیاری کر لی۔فلوٹیلا میں آج نیوز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید طلعت حسین بھی موجود ہیں۔ترکی کی بندرگاہ اناطولیہ سے روانہ ہونے والے اس بحری کاررواں میں آج نیوز کی ٹیم،اسرائیلی رکن پارلیمنٹ ہنین زوابی،نوبل انعام یافتہ مائریڈ کوریگن،امریکی فوج کے سابق افسر،درجنوں یورپی ارکان پارلیمنٹ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات سمیت تقریبا سات سو افراد شامل ہیں۔فلوٹیلا میں محصورین غزہ کے لئے پندرہ ہزار ٹن امدادی سامان موجود ہے۔
فلوٹیلا اس وقت بحیرہ روم میں یورپین وزراء کی کشتی کا منتظر ہے،جس کی آمد پر فلوٹیلا غزہ کی جانب روانہ ہو گا۔ اسرائیلی ملٹری نے نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ قافلہ پرقبضہ کر کے تمام افراد کو ڈیپورٹ کر دیا جائے گا۔اگر اسرائیل نے قافلہ کا مواصلاتی رابطہ بیرونی دنیا سے منقطع کرنے کی کوشش کی تو شدید عالمی ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔فلوٹیلا انتظامیہ کی کوشش ہے کہ دن کی روشنی میں غزہ کی حدود میں داخل ہوں،تاکہ اسرائیل کوئی خفیہ کارروائی کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب نہ ہو سکے۔باسٹھ سالہ تاریخ میں اسرائیل کو کبھی اتنے بڑے سفارتی مسئلہ کا سامنا نہیں ہوا،غزہ کے وزیراعظم اسمعٰیل حنیہ نے کہا ہے کہ قافلہ پہنچنے میں کامیاب ہوا تو اہل غزہ کی فتح ہو گی اور اگر ناکام ہوا،تو بھی اہل غزہ کی فتح ہو گی۔
جیسے جیسے فریڈم فلوٹیلا غزہ کی جانب بڑھ رہا ہے،اسرائیل جارحانہ کارروائیوں کیلئے اقدامات تیز کر رہا ہے۔فلسطینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل امدادی بحری بیڑے کا محاصرہ کر کے رضاکاروں کو مشن سے دستبردار یا گرفتار ہونے کا آپشن دے گا۔اسرائیل کی کارروائی میں گرفتار ہونے والوں کو خصوصی قیدخانہ میں رکھا جائے گا،جو اشدود میں قائم کر دیا گیا ہے۔جبکہ قافلہ کے شرکاء غزہ کا محاصرہ توڑنے کیلئے پرعزم ہیں۔اقوام متحدہ یورپی،یونین اور انسانی حقوق کے اداروں نے قافلہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 27051
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش