0
Thursday 4 Jul 2013 08:59

مسئلہ کشمیر پر دستخطی مہم، ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں کیمپ لگایا گیا

مسئلہ کشمیر پر دستخطی مہم، ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں کیمپ لگایا گیا
اسلام ٹائمز۔ کشمیرکونسل ای یو اور کشمیر سنٹر ہالینڈ کے زیراہتمام یورپ میں جاری کشمیر کے مسئلے پر ایک ملین دستخطی مہم کے سلسلے میں گذشتہ روز ہالینڈ کے شہر دی ھیگ میں ایک روزہ کیمپ لگایا گیا۔ شہر میں ایشین میلے کے موقع پر لگایا گیا یہ کیمپ انتہائی کامیاب رہا۔ ہالینڈ کے باشندوں نے کشمیر پر دستخطی مہم میں گہری دلچسپی لی اور اس مہم کی دستاویزات پر دستخط کیے۔ یاد رہے کہ کشمیر پر دستخطی مہم گذشتہ ایک عرصے سے جاری ہے اور اب تک بڑی تعداد میں یورپی باشندے اس مہم کی دستاویزات پر دستخط کر چکے ہیں۔ برطانیہ، فرانس، ہالینڈ، ناروے، سویڈن اور دیگر ممالک میں ابتک اس مہم کے سلسلے میں کئی کیمپ منعقد کیے گئے اور لوگوں نے اس مہم کو بھرپور انداز میں سراہا ہے۔ اس مہم کا مقصد یورپ میں مسئلہ کشمیر خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے مسئلے کو اجاگر کرنا ہے۔ 

اپنے ایک بیان میں چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا کہ جب تک ایک ملین دستخط جمع نہیں ہو جاتے، یہ مہم جاری رہے گی۔ یورپی پارلیمنٹ کے قوانین کے مطابق یورپی ممالک کے ایک ملین عوام دستخط کرکے کسی بھی مسئلے کو پارلیمنٹ میں اٹھا سکتے ہیں۔ علی رضا سید نے خطے کے بدلتے سیاسی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری خصوصاً یورپی یونین کو بھارت پر دبائو ڈالنا ہو گا تاکہ وہ مقبوضہ وادی میں پوٹا جیسے کالے قوانین ختم کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر مسلمہ ایشو ہے اور عالمی برداری کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلے کو حل کروانے میں مدد کریں۔ دی ہیگ میں مہم کی قیادت کشمیر سنٹر ہالینڈ کے راجہ زیب خان اور کشمیرکونسل ای یو کے سینئر وائس چیئرمین چوہدری خالد محمود جوشی نے کی۔
خبر کا کوڈ : 279422
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش