0
Thursday 4 Jul 2013 22:45

کشکول توڑنے کی باتیں کرنیوالوں کا کشکول ہم سے بھی بڑا نکلا، خورشید شاہ

کشکول توڑنے کی باتیں کرنیوالوں کا کشکول ہم سے بھی بڑا نکلا، خورشید شاہ
اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں۔ نون لیگ نے ہمیشہ جھگڑے کی وجہ سے نقصان اٹھایا۔ ہماری روش وہ نہیں ہو گی۔ کشکول توڑنے کی بات کرنے والوں کا کشکول ہم سے بھی بڑا نکلا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی چین سے واپسی تک ان کے خط کا جواب دے دیں گے، چیئرمین نیب پر ابھی تو مشاورت شروع ہوئی ہے، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے، نیک نیتی سے مل بیٹھ کر دیانتدار شخص پر اتفاق رائے کی کوشش کریں گے۔ جسٹس ریٹائرڈ مامون قاضی نے طبیعت کی خرابی کے باعث عہدے کیلئے معذرت کر لی ہے۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ ہم نون لیگ جیسی روش نہیں اپنائیں گے، صدر، وزیراعظم یا وزیر داخلہ سندھ سمیت جہاں جائیں گے۔ ان کا استقبال کیا جائے گا۔ شہباز شریف والا کام نہیں کریں گے۔ آئی ایم ایف سے نیا قرضہ لینے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ کشکول توڑنے کی باتیں کرنے والوں کا کشکول ہم سے بھی بڑا نکلا، ہمارا کشکول ڈیڑھ فٹ اور ان کا ڈیڑھ میٹر کا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے بتایا کہ حکومت نے 12 جولائی کو طلب کی گئی پارلیمانی کانفرنس کیلئے ابھی پیپلز پارٹی سے رابطہ نہیں کیا۔ اگر کانفرنس میں دہشت گردی اور امن و امان پر بات کرنا ہے تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نمائندگی بھی ہونی چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 279691
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش