0
Thursday 25 Jul 2013 04:39

ملی یکجہتی کونسل "یوم آزادی پاکستان و یوم القدس" سیمینار کا انعقاد کریگی

ملی یکجہتی کونسل "یوم آزادی پاکستان و یوم القدس" سیمینار کا انعقاد کریگی
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل کے زیرانتظام یوم آزادی پاکستان اور یوم القدس کی مناسبت سے سیمینار 26 رمضان المبارک 1434ھ، بمطابق 5 اگست 2013ء کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ مملکت عزیز پاکستان 27 رمضان المبارک 1366ھ کی شب بمطابق 13-14 اگست1947ء کی درمیانی رات کو معرض وجود میں آیا۔ 27 رمضان المبارک پورے عالم اسلام میں لیلۃ القدر کے عنوان سے منائی جاتی ہے۔

اس عظیم رات میں قیام پاکستان کی یاد کو زندہ رکھنے اور اس مناسبت کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے ملی یکجہتی کونسل کے سربراہی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ہر سال 14 اگست کے علاوہ 27 رمضان المبارک کو بھی یوم آزادی، اور رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے عنوان سے منایا جائے گا۔ مندرجہ بالا فیصلے کی روشنی میں ملی یکجہتی کونسل امسال 26 رمضان المبارک 1434ھ بمطابق 5 اگست 2013ء بروز سوموار ایک سیمینار بعنوان ’’یوم آزادی پاکستان و یوم القدس‘‘ منعقد کر رہی ہے۔

اس سیمینار میں ملی یکجہتی کونسل کی مرکزی قیادت کے علاوہ ملک کی علمی و ادبی شخصیات شرکت فرمائیں گی۔ قائمقام صدر ملی یکجہتی کونسل علامہ سید ساجد علی نقوی اس پروگرام کی صدارت کریں گے۔ خصوصی خطاب کرنے والوں میں
سینیٹر راجہ ظفر الحق چیئرمین پاکستان مسلم لیگ (ن)،
جناب لیاقت بلوچ قیم جماعت اسلامی پاکستان،
مشاہد حسین سید سیکریڑی جنرل مسلم لیگ (ق)،
پیر عبدالرحیم نقشبندی سربراہ جمعیت علمائے اسلام (س)،
پیر سید محفوظ اللہ مشہدی سربراہ جمعیت علمائے پاکستان (سواد اعظم)،
صاحبزادہ سلطان احمد علی نائب صدر ملی یکجہتی کونسل، سیکریٹری تنظیم العارفین،
جناب زاھد ملک چیئرمین نظریہ پاکستان کونسل (ٹرسٹ)،
میاں محمد اسلم نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شامل ہیں۔

سیمینار اسلام آباد ہوٹل، اسلام آباد میں مورخہ 26 رمضان المبارک1434ھ، بمطابق 5 اگست 2013 بروز سوموار بوقت 5 بجے سہ پہر ہوگا۔ شب لیلۃ القدر اور شب آزادی پاکستان کی مناسبت سے سیمینار کے بعد افطار کا انتظام ہے۔
خبر کا کوڈ : 286585
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش