0
Wednesday 31 Jul 2013 23:39

ملکی عدالتیں اور حکمران متحدہ کیخلاف کارروائی کرنے کی جرات پیدا کریں، شمشاد غوری

ملکی عدالتیں اور حکمران متحدہ کیخلاف کارروائی کرنے کی جرات پیدا کریں، شمشاد غوری
اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا ہے کہ ماضی سے اب تک کراچی کی عوام کو یرغمال بنانے والے عنقریب اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والے ہیں۔ متحدہ اور نواز حکومت ڈیل سے کراچی کی عوام دلبرداشتہ ہوگئی ہے۔ لوگوں نے اس امید سے نواز حکومت کو ووٹ دیئے تھے کہ یہ جماعت ہمیں دہشت گردوں اور دہشت گردی سے نجات دلائے گی لیکن حکومتی اراکین کو دہشت گردوں کے در پے سجدے دیتا دیکھ کر معصوم عوام کے سارے خواب چکناچور ہوگئے ہیں۔ عارضی بیت الحمزہ سے جاری کردہ بیان میں شمشاد غوری نت مزید کہا کہ متحدہ کسی صورت ملک سے مخلصی اور حب وطنی ثابت نہیں کر سکتی۔ دہشت گرد جماعت اور اس کے قائد نے گزشتہ کئی سالوں سے کراچی کی عوام کو یرغمال بنا رکھا ہے اور ملک کو توڑنے اور حساس اداروں کے خلاف زہر اگلنے کی گھناﺅنی سازشوں کا جال بننے میں سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف کی اصلیت کھل کر سامنے لانے میں برطانوی عدالتیں اور میڈیا اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جو قابل ستائش ہیں۔
 
شمشاد غوری نے کہا کہ کراچی کی عوام کو لاوارث سمجھنے والے یہ جان لیں کہ اس شہر کی عوام کو ان کے ہتھکنڈوں سے بچانے کیلئے مہاجر قومی موومنٹ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے اور دہشت گردوں کو زیر کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سلگ رہا ہے، ہر روز مختلف علاقوں کے مکینوں کو لاشوں کے نظرانے بھیجنے کا عمل تاحال جاری ہے اور وفاقی حکومت کارروائی کرنے کے بجائے دہشت گرد جماعت سے مفاہمت کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاق یہ سمجھ لے کہ حکمرانوں کا کام عوام کو مصیبتوں میں دھکیلنا نہیں بلکہ اس سے بچانا ہے۔ حکام اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی نہ برتیں اور مشکلات میں پھنسے عوام کو نکالیں۔ شمشاد غوری کا کہنا تھا کہ جانی پہچانی دہشت گرد جماعت کی محتاجی مسلم لیگ (ن) جیسی عوامی جماعت کے لئے باعث شرمندگی ہے۔ شہر میں جرم ثابت ہونے کے باوجود متحدہ کے کسی دہشت گرد کے خلاف کبھی کارروائی نہیں کی جاتی۔ کبھی ثبوتوں کی عدم دستیابی کی وجوہات کے بناء پر انھیں باعزت بری کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی عدالتیں اور حکمراں متحدہ کے خلاف کارروائی کرنے کی جرات پیدا کریں۔
خبر کا کوڈ : 288632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش