0
Monday 19 Aug 2013 17:46

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی ہونے کا خدشہ

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ضمنی انتخابات ملتوی ہونے کا خدشہ
اسلام ٹائمز۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے درخواستیں موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 22 اگست کو ہونے والے انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے پیر کو حکومتی اور اپوزیشن نمائندوں کا اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
18 اگست بروز اتوار الیکشن کمیشن کے ایک اہلکار نے ڈان کو بتایا کہ کمیشن نے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل عارف محمود اور نیشنل ڈایزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل محمد سعید کو اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیج دیا ہے تاکہ وہ موجودہ صورتحال سے آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ انتخابات کی متوقع تاریخ بھی تجویز پیش کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر میٹنگ کی سربراہی قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کی تھی جس میں 22 اگست کو قومی اور صوبائی اسمبلی کے 42 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے حوالے سے سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا تھا لیکن اب اجلاس سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انتخابات کے ملتوی کرنے کا ایجنڈا بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

آفیشل نے بتایا کہ انتخابات کی تاریخ حلقوں میں اسی صورت میں تبدیل کی جائے گی اگر وہاں سیلاب کے باعث 22 اگست کو انتخابات کا انعقاد ممکن نہ ہو گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو میٹنگ میں حکومت کی جانب سے شرکت کے لئے نامزد کیا ہے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اس میٹنگ میں ذاتی طور پر شرکت کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی الیکشن کمیشنز مستقل سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے متعدد حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد ممکن نہ ہو سکے گا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو فی الحال الیکشن کے التوا کے حوالے سے صرف ایک تحریری شکایت موصول ہوئی ہے، جو بلوچستان کے علاقے جھل مگسی کی انتظامیہ نے کی ہے جہاں صوبائی اسمبلی کی نشست پی بی-32 کے لیے ضمنی الیکشن ہوں گے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث علاقے میں بہت سے لوگ لاپتہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور سیکریٹری دفاع بھی شرکت کریں گے جو سیلاب سے غیر متاثرہ علاقوں میں الیکشن کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 293921
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش