0
Saturday 7 Sep 2013 11:30

ہمیں فخر ہے کہ ہم مادر وطن کیلئے قربانیاں دینے والی ملت سے تعلق رکھتے ہیں، علامہ شیخ مرزا علی

ہمیں فخر ہے کہ ہم مادر وطن کیلئے قربانیاں دینے والی ملت سے تعلق رکھتے ہیں، علامہ شیخ مرزا علی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان گلگت ڈویژن کے زیراہتمام یوم دفاع پاکستان کے موقع پر شہداء اور پاک آرمی کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مقامی ہوٹل میں ایک پروقار تقریب ’’دفاع وطن میرا ایمان‘‘ کے عنوان سے منعقد کی گئی، جس میں کثیر تعداد میں شہداء کے ورثا، 1965ء جنگ کے غازی، مسلح افواج کے افسران، شعرا کرام سمیت دانشوروں اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک آرمی کے کرنل فضل نے کہا کہ آج ہم 1965ء کی یاد کو تازہ کرتے ہوئے اسی جذبے کو لے کر ملک کو در پیش مشکلات کا مقابلہ کرسکتے ہیں، آج کا یہ پروگرام قابل رشک ہے اور شیعہ علماء کونسل پاکستان گلگت ڈویژن قابل تعریف ہے، جنہوں نے آج کے اس دن کو بھرپور انداز میں منانے کیلئے اس محفل کا اہتمام کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن 1965ء کی یاد تازہ کرنے کے ساتھ ساتح تجدید عہد کا بھی دن ہے، کہ ایک ملت کے طور پر تمام لوگوں کو آپس کی رنجشوں کو بھلا کر سابق روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مشکلات کا مقابلہ کرنا ہوگا، جب تک ذہنی اور جسمانی طور پر عوام کا افواج پاکستان کے ساتھ نہ ہو، اکیلئے افواج کامیاب نہیں ہوسکتی، یہ سب مل کر ملکی دفاع احسن طریقے سے کرسکتے ہیں۔ آج بیرونی دشمن کی نسبت اندرونی دشمن سے زیادہ خطرات ہیں، آج جو بھی لڑائی ہو رہی ہے وہ مصنوعی ہے، اگر ہم آپس میں اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہیں گے تو کوئی بھی ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر شیعہ علماء کونسل گلگت ڈویژن علامہ شیخ مرزا علی نے کہا کہ ہمیں آج فخر ہونا چاہئے کہ ہم ان کی اولاد ہیں جنہوں نے اس خطے کو آزاد کرایا ہے، آج ہمیں نمک حلالی کرتے ہوئے وطن کے فوجیوں کے ساتھ ہر مشکل میں شانہ بشانہ کھڑے ہونا چاہئے۔ آج ملک کے اداروں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے جو کہ سوالیہ نشان ہے۔ دشمن ملک میں بدامنی پھیلا کر لائن آف کنڑول پر حملہ وار ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہداء کو فراموش نہیں کرتی۔ آج ملک کو 65 والے جذبے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تمام سکولوں میں شہیدوں کے فرزندوں کی ایک مہینے کی فیس ادا کرنے کا اعلان کیا۔ تقریب سے شہید کپٹین ضمیر عباس کے والد گرامی، شیخ شہادت حسین ساجدی ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل گلگت ڈویژن، شیخ اقبال توسیلی نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر جمشید خان دکھی، عبدالخالق تاج اور اسماعیل ناشاد نے 6 ستمبر کے حوالے سے اپنا کلام پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 299463
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش