0
Monday 9 Sep 2013 00:24

کراچی، دہشتگردی میں چینی ساختہ جدید آٹومیٹک پستول استعمال ہوتے ہیں

کراچی، دہشتگردی میں چینی ساختہ جدید آٹومیٹک پستول استعمال ہوتے ہیں
اسلام ٹائمز۔ کراچی شہر میں جرائم پیشہ عناصر سمگل شدہ اسلحہ کے علاوہ درآمد ہونے والے جدید اسلحے کو بھی وارداتوں میں استعمال کررہے ہیں، جس میں جدید چینی ساختہ کاؤنٹر اسٹرائیک سی ایس سیریز کے آٹومیٹک پستول بڑے پیمانے پر استعمال کئے جارہے ہیں۔ یہ بات سامنے آنے کے بعد پولیس نے ان پستولوں کے درآمد کنندگان کا سراغ لگانے کے لئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ 

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پستول وزن میں ہلکے ہونے اور اچھی گرپ کی وجہ سے استعمال کئے جارہے ہیں۔ جبکہ ان پستولوں میں گولی پھنسنے کے امکانات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اور آٹومیٹک ہونے کی وجہ سے ان سے ڈبل میگزین کے ساتھ برسٹ کے علاوہ سنگل فائر بھی بآسانی کیا جاسکتا ہے اور 7 سے لے کر 14 گولیاں آسانی سے برسائی جاسکتی ہیں۔ یہ وجہ ہے کہ ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ ڈکیتیوں کی وارداتیں کرنے والے دہشت گرد اس قسم کے پستولوں کو روایتی قسم کے نائن ایم ایم اور 30 بور پر ترجیح دینے لگے ہیں، جبکہ یہ پستول قیمت میں کم ہونے کی وجہ سے بھی زیادہ مقبول ہورہے ہیں۔ 

ان پستولوں کی مارکیٹ قیمت 40 سے لیکر 45 ہزار تک ہے۔ جبکہ اس قسم کے آٹو میٹک برسٹڈ امریکی اور جرمن پستول کئی گنا زیادہ مہنگے ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ ہفتہ کے روز گلشن اقبال میں مکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران پولیس مقابلہ ہوا جس میں ایک ڈکیت ہلاک ہوگیا تھا۔ جس کے بعد پولیس کو مواقع واردات سے 3 جدید پستول ملے جنہیں تحویل میں لیا گیا۔ 

اس ضمن میں ایس ایس پی عمران شوکت نے بتایا کہ برآمد ہونے والےپستول چینی ساختہ ہیں اور ان پر درج نمبروں سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی کھیپ درآمد کی گئی ہے۔ اور انہی نمبروں کے ذریعے ان پستولوں کی کھیپ کو درآمد کرنے والے امپورٹرز کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں جوکہ جلد منظر عام پر آجائیں گی۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو اسلحہ دہشتگردوں کے پاس ہے وہ سندھ پولیس کے پاس بھی نہیں ہے جو کہ دہشتگرد استعمال کررہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں یہ نیا اسلحہ ان گینگ لیڈر نے لا کر دیا تھا جو کہ مقابلے میں مارا جاچکا ہے۔ 

دوسری جانب گلشن اقبال پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ اسلحہ کاربن سٹیل میٹل اور سی ایس سیریز کا ہے اور آٹومیٹک ہے جس کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر پھرتی سے کارروئیاں کرکے فرار ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس قسم کا اسلحہ اس وقت شہر کے کئی علاقوں میں پھیل چکا ہے اور کئی گروپ اس کو استعمال کررہے ہیںَ
خبر کا کوڈ : 299961
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش