0
Friday 13 Sep 2013 11:49

لاہور ریلوے اسٹیشن پر بم رکھنے والے دہشتگرد کے 5 ساتھی بھی گرفتار

لاہور ریلوے اسٹیشن پر بم رکھنے والے دہشتگرد کے 5 ساتھی بھی گرفتار
اسلام ٹائمز۔ حساس ادارے نے لاہور شہر کے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشن پر بم رکھنے کے لئے آنے والے دہشت گرد کی نشاندہی پر مزید پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں سے مذہبی لٹریچر، حساس دستاویزات اور نقشہ جات برآمد ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حساس ادارے نے شاہدرہ ریلوے اسٹیشن کے قریب کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو گرفتار کیا، ایک کو سبزہ زار اور پانچویں دہشت گرد کو جوہر ٹاؤن کے علاقے سے حراست میں لیا گیا ہے۔ جوہر ٹاؤن سے پکڑے جانے والے دہشت گرد کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ بھیس بدل کر کافی عرصے سے لاہور میں ہی روپوش تھا اور لاہور میں ہونیوالے بیشتر بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ بھی یہی ہے۔ مذکورہ دہشت گرد کو حساس اداروں نے اس کے موبائل پر انٹرنیشنل کالز سے ٹریس کیا۔

گرفتار ہونے والے دہشت گردوں نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ وہ لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں دہشت گردی کی بڑی وارداتیں کرنا چاہتے تھے۔ دوسری جانب مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد سی آئی اے کے ایجنٹ لگتے ہیں اور امریکہ پاکستانی حکومت کے طالبان سے ہونے والے مذاکرات سے نالاں ہے اور اسی حوالے سے لاہور سمیت اہم شہروں میں دہشت گردی کی وارداتیں کروا کر قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔ دوسری جانب لاہور پولیس اور حساس ادارے مکمل طور پر چوکس ہیں اور کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ گذشتہ روز سی سی پی او لاہور کی زیر صدارت پولیس کا کارکردگی جائزہ اجلاس بھی ہوا جس میں سی سی پی او نے پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور پولیس افسروں کو سرزنش کرتے ہوئے مزید فعال ہونے کی ہدایات جاری کیں۔
خبر کا کوڈ : 301325
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش