0
Tuesday 17 Sep 2013 10:34

جمہوریت کا مستقبل روشن ہے، سردار یعقوب

جمہوریت کا مستقبل روشن ہے، سردار یعقوب
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کا مستقبل روشن ہے۔ پہلی مرتبہ ملک میں جمہوری انداز میں پرامن انتقال اقتدار ہوا ہے۔ جس کا سہرا سابق صدر آصف علی زرداری کے سر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز یہاں بلاول ہائوس میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار یعقوب نے کہا کہ بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری قوم کے حوصلے بلند ہیں۔ ہم پاک بھارت دوستی اور اچھے تعلقات کے خلاف نہیں۔ بھارت سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق مانگتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ہم سب کے لیے یہ امر باعث اطمینان ہے کہ اس وقت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں جمہوری حکومتیں قائم ہیں۔ وفاق اور چاروں صوبوں میں تین ماہ قبل عوامی حکومتوں نے اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل کی اور اقتدار پرامن، جمہوری انداز میں نومنتخب حکومتوں کے حوالے کیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار جمہوری انداز میں انتقال اقتدار دیکھنے میں آیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جمہوریت کا جو پودا قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے لگایا تھا۔ اس کی حقیقی معنوں میں آبیاری گذشتہ دور حکومت میں آصف زرداری نے کی۔ گذشتہ پانچ سالہ دور میں لاتعداد مسائل اور چیلنجوں کا سامنا رہا۔ اس کے باوجود عوامی جمہوری حکومت کا اپنی مقررہ میعاد پوری کرنا آصف علی زرداری کی دور اندیشی، دانشمندی، مفاہمتی پالیسی کی کامیابی اور بہترین حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انھوں نے کہاکہ آصف زردای کے اعزاز میں وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی جانب سے دیئے گئے الوداعی ظہرانے میں دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کے لیے جن نیک جذبات اور تعریف کلمات کا اظہار کیا وہ پاکستان کی موجودہ قیادت کی پختگی، بالغ نظری اور دور اندیشی کا مظہر ہے۔

ایک سوال کے جواب میں صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بابائے قوم کا فرمان ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ پاکستان کی ہر حکومت نے مسئلہ کشمیر کو اپنی بساط کے مطابق عالمی سطح پر اجاگر کیا ۔ تاہم گذشتہ دور حکومت میں آصف زرداری نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر جو جراتمندانہ موقف اختیار کیا اس پر پوری قوم ان کی شکرگزار ہے۔ انھوں نے تحریک آزادی کشمیر کو عالمی دہشت گردی سے نتھی کرنے سے انکار کیا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ثالثی کی پیشکش کی جو پاکستان اور کشمیری عوام کے موقف کی پذیرائی اور کامیابی ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 302483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش