0
Monday 23 Sep 2013 22:28

کسی مذہب کی عبادت گاہ پر حملہ کرنا انتہائی شرمناک ہے، سُنی تحریک

کسی مذہب کی عبادت گاہ پر حملہ کرنا انتہائی شرمناک ہے، سُنی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سُنی تحریک کے رہنماؤں مفتی لیاقت علی رضوی، نعیم الحق رضا اور دیگر نے پشاور میں گرجاگھر پر خود کش حملے کی پرزورالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے غیر انسانی فعل قرار دیا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ کسی بھی مذہب کی عبادت گاہ پر حملہ کرنا انتہائی قابل مذمت اور شرمناک فعل ہے۔ پشاور میں گرجا گھر میں دہشت گردی کے اس اندوہناک سانحہ نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ہم اس کی شدید مذمت اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں عبادت گاہیں محفوظ نہ ہوں وہاں انسانی جانوں کی کیا قدر و قیمت ہوسکتی ہے، حکمران بیان بازی سے نکل کر دہشت گردی کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کریں جبکہ اقلیتی عبادت گاہوں کو حکومت مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ کوئی بھی مذہب دہشت گردی کی تعلیمات نہیں دیتا، اسلام تو سراسر امن و سلامتی اور محبت کا پیغام ہے، اسلام دشمن طاقتیں ایسے مذموم ہتھکنڈوں کے ذریعے ملک میں بین المذاہب فسادات برپا کرکے پاکستان کا نام دنیا بھر میں بدنام کروانا چاہتی ہیں۔ مسیحی برادری پر امن رہ کر اور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرکے اس سازش کو ناکام بنا سکتی ہے، رہنماؤں نے وفاقی حکومت اور خیبر پختونخوا کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرواکے ملوث عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے، نیز زخمیوں کو سرکاری خرچ پر معیاری علاج معالجہ کروایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 304731
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش