0
Saturday 28 Sep 2013 12:20

زلزلہ متاثرین کی بھرپور امداد کیجائے گی، چوہدری نثار علی خان

زلزلہ متاثرین کی بھرپور امداد کیجائے گی، چوہدری نثار علی خان

اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کے ہمراہ زلزلہ سے شدید متاثرہ علاقہ ضلع آواران کا جمعہ کو دورہ کیا۔ متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد وزیراعلٰی پنجاب اور وزیر داخلہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم زلزلہ متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے آئے ہیں۔ وفاقی اور پنجاب حکومت متاثرین زلزلہ کے ساتھ ہیں۔ جب تک آخری بلوچ بھائی آباد نہیں ہو جاتا، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ متاثرین زلزلہ کے لیے پیکج کا اعلان کیا جائے گا، بلوچ بھائی اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔ آواران کے انجینئرز اور گریجویٹ طلبہ کو پنجاب میں ملازمتیں دی جائیگی۔ C-130 طیارہ امدادی سامان دے کر بھجوا دیا ہے، پوری قوم سکیورٹی فورسز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہماری رہنمائی کی جائے نہ کہ نکتہ چینی، تا کہ مل جل کر مشکل کی اس گھڑی کو بحالی و ترقی میں تبدیل کر سکیں۔

اس موقع پر وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا کہ وفاق اور پنجاب کے مشکور ہیں کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں۔ یہاں زلزلے سے متاثر ہونے والے دور دراز اور دشوار گزار راستے اور علاقے ہیں۔ اگر کوئی ایسے علاقوں میں متاثرین کو جانتا ہو تو ہماری رہنمائی کرے۔ ہم ہر ممکن کوشش کر کے اس تک پہنچیں گے۔ ہم اس وقت بہت بڑی مشکل میں گرفتار ہیں۔ لیکن تمام صوبوں و وفاق اور پاکستانی عوام کی یکجہتی محبت اور سہارے سے ہم جلد ہی اس مشکل سے نکل جائیں گے۔ اس دوران وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے فوری عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم سکیورٹی فورسز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ یہ ایک بہت بڑا سانحہ ہے لیکن ہم اس تباہی کی بنیاد سے بحالی خوشحالی اور ترقی کی راہ پر چلتے ہوئے بلوچستان کو آگے لے کر جائیں گے۔

وزیراعظم نے ہدایت کر دی ہے کہ جلد از جلد بحالی کا کام مکمل کیا جائے۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وفاقی حکومت متاثرین کی بحالی اور ترقی کے لیے بنیادی کردار ادا کرے گی۔ بلوچ بھائی خود کو تنہا نہ سمجھیں۔ پورا پاکستان بلوچ بھائیوں کے غم میں برابر کا نہ صرف شریک ہے بلکہ ان کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے میڈیا اور اپوزیشن سے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں نکتہ چینی نہ کریں، بلکہ ہماری رہنمائی کریں تا کہ آپ لوگوں کی رہنمائی سے ہم مل جل کر مشکل کی اس گھڑی سے نکل سکیں۔

خبر کا کوڈ : 306174
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش