0
Wednesday 2 Oct 2013 01:28

موجودہ سندھ حکومت کو جعلی مینڈیٹ والی حکومت سمجھتے ہیں، ڈاکٹر خالد سومرو

موجودہ سندھ حکومت کو جعلی مینڈیٹ والی حکومت سمجھتے ہیں، ڈاکٹر خالد سومرو
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکرٹری جنرل سابق سینیٹر ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے کہا ہے کہ سندھ میں نئی بلدیاتی حلقہ بندیاں صوبائی حکومت اپنی مرضی سے کر رہی ہے اور اس سلسلے میں سندھ میں دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشورہ نہیں کیا جا رہا ہے۔ نئی بلدیاتی حلقہ بندیاں پیپلز پارٹی اپنی پارٹی پوزیشن کو مدّنظر رکھ کر بنا رہی ہے۔ ہم اسے آئندہ بلدیاتی انتخابات سے قبل پری پول ریگنگ سمجھتے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ہر آدمی کی شمولیت ہوتی ہے اور اس سے نیچے کی سطح پر عوام کو اقتدار میں شمولیت کا موقع ملتا ہے۔ بلدیاتی اداروں کے ذریعے عوام کے چھوٹے چھوٹے مسائل حل ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر خالد محمود سومرو  نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کے ترقیاتی فنڈز پر قبضہ کرنے کے منصوبے بنا رہی ہے، اگر حکومت نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو سندھ بھر میں انارکی پھیل جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی بل پر بھی جے یو آئی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔ ایسا لگتا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ میں جے یو آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہے اور وہ صوبائی حکومت کا سہارا لیکر ہمیں دیوار سے لگانا چاہتی ہے۔ 

ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں جس طرح دھاندلی کی گئی اسکی مثال نہیں ملتی۔ ہم سندھ کی موجودہ حکومت کو جعلی مینڈیٹ والی حکومت سمجھتے ہیں۔ ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے کہا کہ صوبائی حکومت آئندہ بلدیاتی انتخابات بھی دھاندلی سے جیتنا چاہتی ہے، جس کی ابتداء انہوں نے نئی حلقہ بندیوں سے شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر نئی بلدیاتی حلقہ بندیاں کی جائیں اور اگر ایسا نہ کیا تو دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرکے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور ہم مجبور ہونگے کہ ان نئی حلقہ بندیوں کے خلاف مزاحمت کرنے کا اعلان کریں۔
خبر کا کوڈ : 307363
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش