0
Friday 18 Oct 2013 00:26
قدم بڑھائو نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں

حکومت کے اچھے اقدامات کی بھرپور حمایت کی جائے گی، آصف زرداری

حکومت کے اچھے اقدامات کی بھرپور حمایت کی جائے گی، آصف زرداری
اسلام ٹائمز۔ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں حکومت کی غلط پالیسیوں پر تنقید کرنے کا حق حاصل ہے۔ ''نہیں چاہتے کے ملک ٹوٹے اس لئے حکومت کا ساتھ دیتے رہیں گے۔'' نوڈیرو بھٹو ہائوس میں پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کی جانب سے دی جانے والی عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کے افغانستان میں جاری جنگ کے باعث ملک بھر میں جنگی صورت حال ہے، جس سے ہمیں نکلنے کی ضرورت ہے۔ میں نہیں چاہتا کے ملک اس طرف جائے جس طرف سے واپسی کا کوئی راستہ نہ ہو، تاہم اس وقت واپسی کا راستہ موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کے ہمیں سندھ میں حکومت کرنے کا مینڈیٹ حاصل ہے، جب کہ سینیٹ میں بھی ہمیں اکثریت حاصل ہے۔ مکمل طور پر ملکی مفاد میں فیصلے کریں گے۔ انہوں نے کہا کے ہم نے مفاہمت کے باعث پانچ سال کا عرصہ مکمل کیا، تمام اتحادی جماعتوں کے مشورے کے بعد ہی اہم فیصلے اور تمام معاملات حل کئے جاتے تھے، تاہم اب (ن) لیگ کو اکثریت حاصل ہے کہ وہ جو چاہے فیصلے کرے۔ فائدہ نقصان ملک اور آئندہ نسل کا ہونا ہے۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہم ملکی مفاد کے ہر فیصلے پر (ن) لیگ کا ساتھ دیں گے۔ ہم آج بھی کہتے ہیں کہ ''قدم بڑھائو نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں۔''

آصف علی زرداری نے مزید کہا کے کچھ عناصر پاکستان میں لسانی اور مذہبی فسادات کروانا چاہتے ہیں، تاکہ شرپسندوں کو فائدہ ملے، جنہیں ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کے سندھ حکومت صوبے کو رول ماڈل بنائے گی۔ سندھ میں اپنی بجلی پیدا کی جائے گی، جو کہ ہر ضلع میں سستے داموں میں فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کے ملکی گیس پر سندھ کا 50 فیصد حق ہے۔ انہوں نے کہا کے سندھ کی سکیورٹی بہتر کر رہے ہیں، کراچی آپریشن کی حمایت نہ کرتے تو حالات مزید خراب ہوتے، تاہم جب سکیورٹی کے حالات بہتر ہوں گے تو تمام معاملات خود بخود بہتر ہوں جائیں گے۔ وزیراعلٰی سندھ کو کہہ دیا ہے کہ پولیس کو بہتر کریں۔ ایسی پولیس نہیں چاہیے جو کہ صرف پروٹوکول میں پوری ہو۔ جلد محکمہ پولیس میں نئی بھرتیاں کی جائیں۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ہمیں بھرپور مینڈیٹ دیا۔ عید ملن پارٹی میں پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ، فریال تالپور، ایم این اے محمد ایاز سومرو اور سینکڑوں کارکنان نے بھی شرکت کی۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کے اچھے اقدامات کی بھرپور حمایت کی جائے گی، ملک نے ترقی کی تو ہم بھی کہیں گے قدم بڑھاوٴ نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نوڈیرو میں واقع نوڈیرو ہاوٴس میں کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم نواز شریف نے بہتر اقدامات کئے، تو پیپلز پارٹی سینیٹ میں بھرپور حمایت کرے گی۔ تاہم اگر موجودہ حکومت ملکی مسائل حل نہ کرسکی تو کوئی اور لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں حکومت کے زیراہتمام ضلعی سطح پر بجلی گھر قائم کئے جائیں گے، تاکہ توانائی کا بحران حل ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایسی ترقی کی خواہاں ہے جہاں نوجوان، بلاول اور ان کی اولاد بھی ترقی کرسکے۔ اس موقع پر وزیراعلٰی سندھ قائم علی شاہ نے بھی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینے کے ساتھ ساتھ مستحق خواتین کو ان کے پیروں پر کھڑا کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 311897
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش